• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ: زین قریشی نے اپنی گرفتاری چیلنج کردی، سماعت کل ہوگی

زین قریشی - فوٹو: فائل
زین قریشی - فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی زین قریشی نے پارلیمنٹ ہاؤس سے اپنی گرفتاری کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔  

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے نے وکیل تیمور ملک اور فائزہ اسد ملک کے ذریعے درخواست دائر کردی۔

زین قریشی کی درخواست کو اعتراضات کے ساتھ کل سماعت کےلیے مقرر کرلیا گیا ہے جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق سماعت کریں گے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل سنگجانی میں تحریک انصاف کے جلسے سے متعلق قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور چونگی نمبر 26 پر پارٹی کارکنان کے پولیس پر پتھراؤ سمیت دیگر مقدمات میں زین قریشی اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ 

گرفتاری کے ایک روز بعد زین قریشی سمیت دیگر گرفتار رہنماؤں کو اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) میں پیش کیا گیا جہاں انکا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا تھا۔ 

علم میں رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے بعد زین قریشی کو اسمبلی لایا گیا تھا۔

اس سے قبل اپنی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر زین قریشی نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے رابطہ کیا تھا اور انہیں تمام تر صورتحال میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی جس پر ایاز صادق نے پی ٹی آئی رہنما کو معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

قومی خبریں سے مزید