• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوگ کہتے ہیں مجھے فواد خان کی جگہ پر ہونا چاہیے: سہیل سمیر


پاکستان شوبز انڈسٹری کے ماڈل و اداکار سہیل سمیر نے انکشاف کیا ہے کہ لوگوں کا کہنا ہے کہ مجھےفواد خان کی جگہ پر ہونا چاہیے۔

حال ہی میں سہیل سمیر نے صحافی ملیحہ رحمٰن کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنے کیریئر کے اتار چڑھاؤ کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

دورانِ انٹرویو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے عبداللّٰہ کادوانی کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹے ہارون کادوانی کی بہت اچھی تربیت کی ہے، بلاوجہ لوگ اسے اَقرِبا پَروَری کہہ کر تنقید کا نشانہ بناتے ہیں جبکہ میں دیکھ سکتا ہوں کہ وہ بچہ کتنی محنت کرتا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ جیو کی بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ میں جب یمنیٰ زیدی کے ساتھ آخری سین کیا تو اسے دیکھ کر یمنیٰ زیدی کی والدہ جذباتی ہو گئی تھی اور انہوں نے کال کر کے میرے کام کی خوب تعریف کی۔

اداکار نے کہا کہ جب ایک فنکار شہرت کی بلندی پر ہوتا ہے تو اسے یہی لگتا ہے کہ ہر طرف اسی کا چرچہ ہے، لیکن بہت کم لوگ یہ دیکھ سکتے ہیں کہ کون سچی تعریف کر رہا ہے اور کون صرف آپ کی شہرت کی وجہ سے آپ کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب یمنیٰ زیدی کی والدہ نے میرے کام کی تعریف کی تو مجھے سچ میں اچھا لگا، ورنہ میں خود کو اتنا بڑا اسٹار تسلیم نہیں کرتا، مجھے اپنے آپ سے نفرت نہیں ہے لیکن میں نے اپنی شہرت کو اپنے سر پر نہیں چڑھایا ہوا، لوگ تو مجھے یہ بھی کہتے ہیں کہ آپ نے اتنا کام کیا ہے کہ آپ فواد خان کی جگہ ہو سکتے ہیں۔

سہیل سمیر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ لوگ تو کہتے ہیں کہ مجھے فواد خان کی جگہ ہونا چاہیے لیکن میں کبھی ان کی جگہ نہیں ہو سکتا کیونکہ میں دیکھتا ہوں کہ وہ کتنی محنت کرتے ہیں اور میں جہاں ہوں اس میں خوش اور مطمئین ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم آج کل ایک پروجیکٹ شندور میں ساتھ کام کر رہے ہیں، جس میں فواد اور میں بھائی ہیں۔

سہیل نے یہ بھی کہا کہ فواد خان بہت عاجز مزاج انسان ہیں، کبھی اسٹارڈم ان کے سر پر نہیں چڑھی اور جب میں نے انہیں دیکھا تو شکر ادا کیا کہ میں بھی اتنا ہی عاجز مزاج ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید