کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللّٰہ اور چمن سمیت بلوچستان کے تمام 36 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم اختتام پزیر ہو گئی۔
پولیو ایمرجنسی آپریشن سیل کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ حالیہ پولیو مہم کے دوران بلوچستان میں 99 فیصد ہدف حاصل کیا گیا ہے۔
صوبے بھر میں شروع ہونے والی انسدادِ پولیومہم کے دوران انسدادِ پولیو ٹیموں نے گھر گھر جا کر 5 سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے۔
مہم میں 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جس میں سے 99 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے حکام کا کہنا ہے کہ ایک فیصد جو ریفیوزل ہے اس میں زیادہ تر ایسے لوگ تھے جن کے بچے گھروں پر موجود نہیں تھے یا کسی بھی موسمی بیماری کی وجہ سے وہ پولیو کے قطرے پینے سے قاصر تھے۔
حکام کے مطابق صوبے میں اس سال پولیو کے 12 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 3 متاثرہ بچوں کا انتقال ہوا ہے۔