چین کے شہر شنگھائی سے کیٹیگری 1 کا طاقت ور سمندری طوفان ’بیبینکا‘ ٹکرا گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چائنا میٹرولوجیکل ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بیبینکا نے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب شنگھائی میں لینڈ فال کیا۔
یہ طوفان گزشتہ 7 دہائیوں میں شنگھائی سے ٹکرانے والا سب سے طاقت ور طوفان ہے، جس کے سبب 151 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں اور شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔
تیز ہواؤں کے باعث شنگھائی میں 10 ہزار سے زائد درخت گر گئے، جبکہ گزشتہ شب سے 2 ایئر پورٹس کی 14 سو سے زائد پروازیں اور 570 مسافر ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
تقریباً 4 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا، مشرقی چین میں طوفانی ہواؤں، شدید بارش اور ساحلی سیلاب کی ریڈ وارننگ جاری کر دی گئی۔
خیال رہے کہ چینی سرکاری میڈیا نے اسے 1949ء کے بعد شنگھائی سے ٹکرانے والا سب سے طاقت ور طوفان قرار دیا ہے۔