• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ سیاست کرنا بھول گئی ہے تو ایم کیو ایم سکھانے کیلئے تیار ہے، فاروق ستار

 
فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مسلم لیگ ن اگر سیاست کرے تو سیاست کا ایک طریقہ ہوتا ہے، کسی بھی بل کے حق میں ایک طریقہ کار ہوتا ہے کہ کیسے سیاسی جماعتوں کے دلوں کو جیتا جائے۔ 

پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مسلم لیگ ن یہ سیاست کرنا بھول گئی ہے تو ایم کیو ایم سیاست سکھانے کےلیے تیار ہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سب سے پہلے اپنے حریفوں کے گلے اور شکوے دور کرے، اہم ایشوز پر میں نے مولانا فضل الرحمان اور بیرسٹر گوہر کو اختلاف کرتے نہیں دیکھا۔ تمام جماعتیں متفق ہیں عدالتی نظام عام آدمی کو انصاف دینے کےلیے بہتر ہونا چاہیے۔ 

فاروق ستار نے کہا کہ عدالتوں میں ہزاروں کیسز ہیں لوگوں کو انصاف نہیں مل رہا اس بات پر سب متفق ہیں۔ بلاول بھٹو نے بہت محنت کی لیکن ن لیگ کا اپنا ہوم ورک بہت کمزور تھا۔ 

فاروق ستار نے کہا کہ ہمارا شکوہ ہے کہ اہم آئینی ترمیم کا بل اس طرح پاس نہیں کروایا جا سکتا۔ آئین میں ترمیم کرنا بڑا ذمہ داری والا کام ہے۔

انھوں نے کہا ن لیگ اگر سیاست کر رہی ہے تو یہ طریقے انہیں آنے چاہئیں، مجھے سکھانے کی ضرورت نہیں۔ 

فاروق ستار نے کہا کہ میں ان کا دوست بن کر کہہ رہا ہوں خدارا کسی چیز کو کرنے کے سیاسی طریقے اختیار کریں۔ عدلیہ کی آزادی کےلیے عدالتی نظام میں جو اصلاحات درکار ہیں وہ بھی ضروری ہیں۔ 

انکا کہنا تھا کہ عوام اس وقت تماشا دیکھ رہے ہیں، انہیں کوئی ریلیف نہیں مل رہا۔ عوام کا گزر بسر نہیں ہو رہا وہ اس وقت زندہ درگور ہو گئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید