• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی امین گنڈاپور کی طرف سے مذاکرات کیلئے اب تک کوئی رابطہ نہیں ہوا: افغان ناظم الامور

افغان ناظم الامور سردار احمد شکیب—فائل فوٹو
افغان ناظم الامور سردار احمد شکیب—فائل فوٹو

افغان ناظم الامور سردار احمد شکیب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کی طرف سے مذاکرات کے لیے اب تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سردار احمد شکیب نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کے پی کے مذاکرات کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

‎انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ گہرے قریبی تعلقات رکھیں، ‎افغان حکومت کسی کو اجازت نہیں دے گی کہ پاکستان یا کسی اور ملک جا کر کارروائی کرے۔

افغان ناظم الامور کا کہنا ہے کہ کسی افغان شہری کو اجازت نہیں دوسرے ملک میں کارروائی کرے یا ادھر کسی گروہ کی مدد کرے، ‎امیرالمؤمنین کا حکم ہے اگر کوئی خلاف ورزی کرتے پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔

سردار احمد شکیب نے کہا کہ پہلے بھی ایسے متعدد افراد گرفتار کر رکھے ہیں، ‎افغانستان میں طالبان حکومت پاکستان میں بدامنی کی خواہاں نہیں، ‎ہم نے سب کو سختی سے منع کر رکھا ہے پاکستان سمیت کسی ملک میں کوئی کارروائی نہ کی جائے۔

‎ان کا مزید کہنا ہے کہ فی الحال پاکستان کے ٹی ٹی پی سے ہمارے توسط سے مذاکرات نہیں ہو رہے، ‎افغانستان میں امارات اسلامی پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کی حامی ہے، ‎دونوں ملکوں کو معیشت و تجارت ایک دوسرے کے قریب لا سکتی ہے۔

‎افغان ناظم الامور نے یہ بھی کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ایک ماہ سے پشاور طورخم راستہ بند کر دیا گیا ہے، راستہ بند ہونے سے افغان فروٹ اور سبزی کی تجارت کو بھاری نقصان ہوا ہے، ‎ایک بھی تجارتی گاڑی اِدھر سے اُدھر اور اُدھر سے اِدھر نہیں آئی۔

قومی خبریں سے مزید