• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے گنڈاپور کی افغانستان سے مذاکرات کے بیان کی حمایت کردی

پشاور ( ما نیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے افغانستان سے براہ راست مذاکرات کے بیان کی حمایت کردی۔ راولپنڈی کے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ بات چیت کے بغیر دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی،جب تک افغانستان سے تعلقات درست نہیں کریں گے دہشتگردی میں پھنسے رہیں گے،خیبر پختونخوا میں پولیس کے کتنے لوگ شہید ہو چکے ہیں، اہلکار بغاوت پر اترے ہوئے ہیں ہر جگہ پولیس احتجاج کر رہی ہے، انہیں علی امین کے پاؤں پکڑنے چاہیے کہ خدا کے واسطے جا کرافغانستان سےبات کرو، بات چیت کے بغیر دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کے مؤقف کی حمایت کرتا ہوں وہ بالکل ٹھیک کہہ رہا ہے۔صحافی نے سوال کیا کہ وفاقی حکومت اور دفتر خارجہ کے ہوتے صوبائی حکومت کیسے دوسرے ملک سےبراہ راست بات کرسکتی ہے؟ اس پر عمران خان نے کہا کہ دفتر خارجہ کو چھوڑو خیبر پختونخوا دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہے، بلاول جب وزیر خارجہ تھےتو وہ افغانستان تک نہیں گئےخیبر پختونخوا میں پولیس کے کتنے لوگ شہید ہو چکے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ پولیس اہلکار بغاوت پر اترے ہوئے ہیں ہر جگہ پولیس احتجاج کر رہی ہے، 24 سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید