پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر نے کہا ہے کہ ہم افغانوں نے پاکستان میں 45 سال گزارے ہیں۔ پاکستان سے ہر قسم کا تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔
پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل محب اللّٰہ شاکر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پڑوسی ملک ہے، جس کے ساتھ 2 ہزار کلومیٹر سے زیادہ طویل سرحد ہے۔
انھوں نے کہا کہ پڑوسی ملک سے بہتر تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، مذاکرات افغان مرکزی حکومت کا کام ہے۔
یاد رہے کہ پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل چند روز قبل قومی رحمت اللعالمینﷺ کانفرنس کے موقع پر قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہیں ہوئے تھے۔
افغان قونصل خانہ پشاور نے پاکستان کے قومی ترانے کی بےحرمتی سے متعلق وضاحتی بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کے قومی ترانے کی بےحرمتی اور بےتوقیری ہرگز مقصد نہیں تھا۔ قومی ترانے میں میوزک تھا اس لیے قونصل جنرل کھڑے نہیں ہوئے۔