وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان روس کے ساتھ تجارتی، اقتصادی، توانائی، مواصلات اور سیکیورٹی تعاون کا خواہشمند ہے، اگلے ماہ اسلام آباد میں روسی وزیراعظم کے استقبال کے منتظر ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے روس کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچوک نے ملاقات کی، دوران ملاقات شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جولائی میں صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز بات چیت ہوئی تھی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ روسی نائب وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاک روس تعلقات کو تعمیری اور باہمی طور پر مفید قرار دیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور روسی نائب وزیراعظم نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
اس موقع پر تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی، زراعت کے شعبوں میں تعاون، سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کے ایم او یوز پر بھی دستخط کیے گئے۔