• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرغون ہاؤسنگ اسکیم کو شہر کی ایک مثالی اسکیم بنائینگے، ڈی جی کیو ڈی اے

کوئٹہ ( پ ر) زرغون ہاؤسنگ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے اپنے صدر محمد رمضان ملا خیل کی قیادت میںڈائریکٹر جنرل کیو ڈی اے سے ملاقات کی ۔ اور انہیںزرغون ہاؤسنگ اسکیم کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ایسوسی ایشن کے وفد نےا ن کو آگاہ کیا کہ اسکیم میں ایک ہسپتال کی بلڈنگ مکمل ہو چکی اور پوری طرح تیار ہے۔ کیوڈی اے محکمہ صحت کے ساتھ مل کر اس ہسپتال کو مکمل فعال کروائے تاکہ نہ صرف اسکیم کے لوگوں بلکہ علاقے کے لوگوں کو صحت کی سہولیات میسر آ سکیں۔ وفد نے انہیں 2015 سے زیر تعمیر کالج کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو نا معلوم وجوہات کی بنا پر ابھی تک نا مکمل ہے۔ اسی طرح اسکیم کی چار دیواری ، اسٹریٹ لائٹس ، سیوریج سسٹم ، ٹیوب ویلز کے علاوہ اسکیم کو اب تک گیس کی عدم فراہمی جیسے مسائل سے آگاہ کیا۔ڈی جی کیو ڈی اے نے اسکیم کو درپیش مسائل کو ہمدردی سے سنا اور ان کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ وہ ایسوسی ایشن کی دعوت پر اسکیم کا جلد ہی دورہ کرینگے۔ انہوں نے چیف انجنئیر اور سائیڈ انجنئیر کو ہدایات دیں کہ وہ اسکیم کے ایک ٹیوب ویل کو سولر پر منتقل کرنے کیئے کیس پٹ اپ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کیلئے منظور ہونے والی سولر لائٹس کو بھی منظم طریقے سے انسٹال کرا ئینگے۔ علاوہ ازین انہوں نے اسکیم میں کالج کی جلد تکمیل اور دیگر مسائل کے حل کی بھی یقین دہانی کرائی، اسکیم کو گیس کی فراہمی کے مطالبے پر انہوں نے کہا کہ کیوڈی اے کو اس وقت فنڈز کی کمی کا سامنا ہے تاہم انہوں نے گیس کا مسئلہ حل کرانے کیلئے اپنے طور پر بھر پور کوشش کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ کیو ڈی اے اپنے ذمہ داریاں پوری کرے گا اور ہم اس اسکیم کو شہر کی ایک مثالی اسکیم بنائینگے۔