بھارتی وزیراعظم نریندر مودی امریکا کا 3 روزہ دورہ مکمل کرکے بھارت واپس پہنچ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دورۂ امریکا میں مودی نے امریکی صدر بائیڈن کی سربراہی میں کواڈ لیڈر سمٹ میں شرکت کی۔
21 ستمبر کو ہونےوالی کواڈ سمٹ میں وزیراعظم مودی کے علاوہ آسٹریلوی اور جاپانی وزرائے اعظم نے بھی شرکت کی تھی۔
مودی نے اقوام متحدہ فیوچر سمٹ میں خطاب کیا اور کئی سربراہان مملکت سے ملاقاتیں بھی کیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سالانہ اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھارت کی نمائندگی کریں گے، جبکہ بھارت کا خطاب 28 ستمبر کو ہوگا۔
اس سے قبل مودی کے دورۂ امریکا میں دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب امریکی صدر جو بائیڈن نے عالمی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی تو وہ بھارتی وزیراعظم کا تعارف کروانا ہی بھول گئے تھے۔
بائیڈن کو کواڈ لیڈرز سمٹ کی پریس کانفرنس میں نریندر مودی کو اسٹیج پر بلانا تھا لیکن وہ الجھن کا شکار ہوگئے اور نہیں جانتے تھے کہ تین سربراہان حکومت میں سے کسے متعارف کروانا ہے۔
81 سالہ جو بائیڈن نے کہا تھا کہ ’آپ سب کا شکریہ۔۔۔ اور اب میں کس کا تعارف کروانے والا ہوں؟ کون اگلا ہے؟‘
ان کی گھبراہٹ کو دیکھتے ہوئے عملے کے ایک فرد نے جو بائیڈن کو بتایا کہ نریندر مودی بھارت کے وزیراعظم ہیں، جس کے فوراً بعد ہی بھارتی وزیراعظم نے اسٹیج پر آکر امریکی صدر سے ہاتھ ملایا تھا۔