• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئینی ترامیم سازشوں کے ذریعے بند دروازوں کے پیچھے نہیں ہوتیں، محمود اچکزئی

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

تحفظ آئین پاکستان موومنٹ کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم سازشوں کے ذریعے بند دروازوں کے پیچھے نہیں ہوتیں۔ 

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آئین کاغذ کا ٹکڑا نہیں مقدس دستاویز ہے۔ آئین میں ترامیم ملکی اور عوامی ضروریات کے مطابق اتفاق رائے سے ہونی چاہیے۔ ملک ٹوٹنے سے بھی ہم نے سبق حاصل نہیں کیا۔ 

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاپولر لیڈر کو جیل میں رکھنے سے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، مولانا فضل الرحمان زیرک سیاستدان ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے اگر موجودہ شکل میں آئینی ترمیم کو تسلیم کیا تو انہیں سیاسی نقصان ہوگا۔

انکا کہنا تھا کہ جس انداز سے ملک میں انتخابات اور حکومتیں وجود میں آئیں اس سے جگ ہنسائی ہوئی۔ 

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جو حکومت لوگوں کی روٹی کا بندوبست نہ کرسکے اسے حکمرانی کا حق نہیں۔ مسائل کا حل آئین کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام اور قانون کی بالادستی سے ممکن ہے۔ 

محمود اچکزئی نے کہا کہ نئے انتخابات مسائل کا حل ہیں تمام سیاسی جماعتیں مل کر اصول طے کریں۔ عوامی نمائندوں کے انتخاب کا حق عوام کے پاس ہونا چاہیے۔ 

انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کی سربراہی میں قائم کمیٹی انتخابی اصلاحات بھی طے کرسکتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید