آن لائن
میں تم سے شادی کرنا چاہتا ہوں، اقبال نے میسنجر پر لکھا۔
سچی؟ جمیلہ نے دل والا ایموجی بھیجا۔
بالکل سچ، اقبال نے بہت سے دل پھینکے۔
اقبال ، آج میری زندگی کا سب سے بڑا سچ جان لو،
جمیلہ نے تحریر کیا،
یہ میری فیک آئی ڈی ہے۔
میں لڑکی نہیں ہوں، لڑکا ہوں۔
میرا نام قدوس دہلوی ہے۔
ڈیفنس میں نہیں،
لالو کھیت میں رہتا ہوں۔
دوسری جانب کچھ دیر خاموشی رہی۔
پھر جواب آیا،
میری بھی یہ فیک آئی ڈی ہے۔
میرا نام اقبال نہیں، بلبل بیگم ہے۔
کارساز پر نہیں، لانڈھی میں رہتی ہوں۔
رشتہ کب بھیجو گے؟