ایران نے بحرین اور کویت میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی ویڈیو جاری کردی۔
ایران نے امریکی حملوں کی جوابی کارروائی میں بحرین اور کویت پر حملے کیے، امریکی فوجی اڈوں سمیت 85 اہداف پر میزائل اور ڈرون داغ دیے۔
کویت میں علی السالم فضائی اڈے سمیت اہم امریکی فوجی تنصیبات اور ایک امریکی ایم کیو نائن ڈرون بھی مار گرانے کا دعویٰ کیا۔
ایران کی فوجی کمان نے کہا ہے کہ یہ ایران کا ابتدائی جواب ہے، آبنائے ہُرمز کے انتظام میں امر یکی مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس سے قبل آبنائے ہرمز میں ایران کی جانب سے جہازوں کو نشانہ بنانے کے بعد امریکا نے ایران پر حملے کیے۔ بوشہر، سِریک اور بندر عباس کو نشانہ بنایا، بوشہر میں تازہ حملوں میں دو فوجی ہیڈکوارٹرز کو ٹارگٹ کیا، ایرانی فضائی دفاعی نظام، ریڈار اور جہاز شکن میزائلوں سمیت 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔
دوسری جانب کویت نے ایرانی حملوں کی مذمت کی، وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ ایرانی حملے، خطے میں استحکام کی علاقائی و عالمی کوششوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔
قطر نے بحرین اور کویت پر ایرانی حملوں کو دونوں ممالک کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا، کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکرات جاری رکھنے کا مطالبہ بھی کیا۔
عمان نے بھی فریقین پر کشیدگی میں کمی پر زور، مذاکرات اور سفارتی طریقوں کو ترجیح دینے کا کہا، جبکہ مصر نے خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں کو ناقابلِ قبول اشتعال انگیزی قرار دیا۔