پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے خوبرو اداکار و ماڈل علی رحمٰن خان نے ماہرِ فٹنس نصرت ہدایت اللّٰہ کے ساتھ ڈیٹنگ کی تردید کر دی۔
اداکار علی رحمٰن خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے شائقین و میزبان واسع چوہدری کے دلچسپ سوالات کے جواب دیے۔
اداکار علی رحمٰن خان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ مجھے آج تک صرف جاندار اداکاری اور صلاحیتوں کی بنیاد پر انڈسٹری میں کام ملا ہے، میرے خیال میں میری آنکھوں کا رنگ مختلف ہونے پر آج تک مجھے انڈسٹری میں کوئی کردار یا فائدہ نہیں ہوا۔
ایک اور سوال کے جواب میں اداکار نے بتایا کہ مجھے آج تک اس شدت کی محبت نہیں ہوئی کہ میں کسی کے لیے روؤں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیٹنگ کی افواہیں اور جوڑیاں بنانے میں کچھ لوگ بہت ماہر ہیں، کسی کے ساتھ بھی تصویر بنوانے اور بات کرنے پر مداح ایک کہانی گَھڑ لیتے ہیں، سوال پوچھ پوچھ کر مداح ہی اسٹوری بنا دیتے ہیں۔
علی رحمٰن خان نے کسی بھی تعلق میں ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ محبت تو انسان دوستوں کے ساتھ بھی کرتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ماہرِ فٹنس نصرت ہدایت اللّٰہ نے اداکار علی رحمٰن خان کے ساتھ مرر سیلفی شیئر کی تھی۔
نصرت ہدایت اللّٰہ نے اپنی اس اسٹوری میں علی رحمٰن خان سے ڈیٹنگ کا اشارہ دیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اداکار علی رحمٰن خان کا اداکارہ و ماڈل حریم فاروق کے ساتھ بھی نام لیا جاتا رہا ہے۔
اداکار نے حریم فاروق کے ساتھ متعدد پروجیکٹس میں کام کر رکھا ہے۔