• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل محمد یوسف ذاتی وجوہ پر پی سی بی سلیکشن کمیٹی سے مستعفی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی سی بی سلیکشن کمیٹی کےرکن اور سابق کپتان محمد یوسف پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سے مستعفی ہوگئے۔محمد یوسف کا یہ استعفٰی ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور انگلینڈ سے سیریز کے آغاز میں ایک ہفتے کا وقت رہ گیا ہے ۔محمد یوسف نے مقامی ویب سائٹ پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سے مستعفی ہورہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے استعفٰی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد یوسف نے قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن کے طور پر اپنی ذمہ داری سے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دے دیا ہے تاکہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں دیگر اہم ذمہ داریوں پر اپنی توجہ مرکوز رکھ سکیں۔ پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے ممبر کی حیثیت سے اپنے دور میں ذمہ داری ادا کرنے پر محمد یوسف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ یوسف پی سی بی میں ایک اہم کردار ادا کرتے رہیں گے، ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ کوچ کے طور پر اپنے وسیع علم اور تجربے کا اظہار کریں گے۔ یوسف پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے جس نے جنوبی افریقہ میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2024 میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ جبکہ محمد یوسف نے کہا ہےکہ ان کے لیے قومی ٹیم کی خدمت کرنا بڑا اعزاز تھا اور وہ فخر محسوس کرتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ کی ترقی اور کامیابی میں اپنا کردار ادا کیا، مجھے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی صلاحیت اور جذبے پر پورا اعتماد ہے اور میں پاکستان ٹیم کی کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق محمد یوسف کے پاکستان ٹیم کے کوچز کے ساتھ کچھ ایشوز تھے جس کی وجہ سے وہ سلیکشن کمیٹی سے الگ ہوئے۔ یہ ایشوز سلیکشن اور سینٹرل کنٹریکٹس کے حوالے سے ہونے والی میٹنگز میں ہوئے جو سنگین صورتحال اختیار کر گئے۔ محمد یوسف کو چیئرمین بورڈمحسن نقوی جلد نیا عہدہ دیں گے ، محمد یوسف کا شمار پاکستان کے چند کامیاب ترین بیٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے 1998 سے 2010 تک اپنے کیریئر میں 7530 ٹیسٹ رنز اور 9720 ون ڈے رنز اسکور کیے۔ انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک کیلنڈر سال (2006) میں سب سے زیادہ 1788 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ خیال رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024ء کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیم ڈائریکٹر اور سلیکشن کمیٹی کے رکن وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو قومی ٹیم کی خراب کارکردگی پر عہدے سے ہٹا دیا تھا جب کہ ان کی سابق کرکٹرز محمد یوسف اور اسد شفیق کیساتھ ہیڈ کوچز جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن کمیٹی میں شامل کیا تھا۔ اسی طرح بلال افضل سلیکشن کمیٹی ہٹادیا تھا جب کہ ڈیٹا اینالسٹ حسن چیمہ اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو بھی سلیکشن کمیٹی سے باہر کردیا تھا۔

اسپورٹس سے مزید