• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی پی ایل نے غیر ملکی کرکٹرز کیلئے نئے قانون نافذ کردیے

نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل ڈرافٹنگ کے بعد لیگ نہ کھیلنے والے غیر ملکی کرکٹرز کیخلاف نیا قانون نافذ کردیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل کی گورننگ کونسل نے نئے ضوابط متعارف کرائے ہیں جس سے غیرملکی کرکٹرز زیادہ متاثر ہونگے۔رپورٹ کے مطابق  اب کوئی غیر ملکی کھلاڑی آئی پی ایل میں مہنگا ترین کھلاڑی نہیں بن سکےگا، غیر ملکی کھلاڑی منی آکشن کے لیے  رجسٹر نہیں ہو سکےگا۔ منی آکشن کے لیے زیادہ  سے زیادہ فیس بھی طےکر دی گئی ہیں۔ بڑے آکشن میں 18 کروڑ انڈین جب کہ منی آکشن میں فیس 16 کروڑ انڈین ہوگی، اگر اس سے  زیادہ  فیس آکشن میں جاتی ہے تو اضافی  رقم  بھارتی بورڈ کو  دی جائے گی جو پلیئر  ویلفیئر کے لیے استعمال ہوگی۔ آئندہ ڈرافٹنگ میں حصہ لینے والے کرکٹرکو ٹھوس وجوہ فراہم کیے بغیر لیگ کو ادھورا چھوڑنے پر 2 سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد لیگ کے فرنچائزز کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے، فرنچائز مالکان نے خدشات کا اظہار کیا تھا کہ غیر ملکی پلیئرز اچانک بیچ سے لیگ چھوڑ کر چلے جاتے ہیں جس سے فرنچائز کو نقصان پہنچتا ہے۔گورننگ کونسل نے کہا کہ واحد استثناء چوٹ/ طبی حالت کے لیے ہوگا جس کی تصدیق کھلاڑی کے ہوم بورڈ سے کی جائے گی۔آئی پی ایل فرنچائزز اپنے موجودہ اسکواڈ سے کل 6 کھلاڑیوں کو ریٹین کرسکتی ہیں۔جبکہ نئے پلیئرز کی خریداری کیلئے بجٹ 90 کروڑ سے بڑھا کر 120کروڑ بھارتی روپے کردیا گیا ہے۔

اسپورٹس سے مزید