• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیروت: لبنان پر اسرائیل نے زمینی حملہ شروع کردیا، اسرائیلی میڈیا

 
فوٹو: امریکی میڈیا
فوٹو: امریکی میڈیا

لبنان پر اسرائیل نے زمینی حملہ شروع کردیا، جنوبی لبنان پر اسرائیلی ٹینک اور آرٹیلری کے حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اسرائیلی فوج کابینہ کی منظوری کے بعد زمینی پیش قدمی شروع کردے گی۔

اسرائیلی عہدیداران کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے دیہاتوں میں محدود پیمانے پر ٹارگٹڈ کاروائیاں کرے گی۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنانی سرحد کے قریب بستیوں کو فوجی چھاؤنیاں قرار دے دیا ہے، اسرائیلی سرحد کے ساتھ لبنانی آرمی نے اپنے اڈےچھوڑ دیے، جبکہ ایئر فرانس نے بیروت اور تل ابیب کے لیے 8 اکتوبر تک پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

اسرائیلی اسپیشل فورسز کے لبنانی سرزمین پر چھاپے

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی اسپیشل فورسز نے لبنانی سرزمین پر چھاپے مارے، یہ چھاپے ممکنہ زمینی حملے کی تیاری کے سلسلے میں مارے گئے۔

امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکا کا خیال ہے اسرائیل جنوبی لبنان میں محدود زمینی دراندازی شروع کرسکتا ہے، اسرائیلی کارروائی پہلے سے طے شدہ منصوبے کی نسبت محدود ہوگی۔

دوسری جانب لبنانی حکام کے مطابق بیروت کے جنوب میں عین الدلب میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 45 افراد شہید ہو گئے ہیں، پچھلے 24 گھنٹوں میں لبنان میں ہونے والی شہادتوں کی تعداد 136 تک پہنچ گئی ہے۔ شہید ہونے والوں میں فلسطینی لبریشن فرنٹ کے تین ارکان بھی شامل ہیں۔

حزب اللّٰہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے حسن نصراللّٰہ کی شہادت کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ حزب اللّٰہ اسرائیلی زمینی حملے کے لیے تیار ہے اور تنظیم کا نیا سربراہ اندرونی طریقہ کار کے مطابق منتخب کیا جائے گا۔

ادھر غزہ پر اسرائیلی حملے بھی جاری ہیں، جن میں گزشتہ روز کم از کم 28 افراد شہید ہو گئے۔ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 41,615 افراد شہید اور 96,359 زخمی ہو چکے ہیں۔

اسرائیل میں 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں میں 1,139 افراد ہلاک اور 200 سے زائد افراد یرغمال بنائے گئے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید