وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر تشکر کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں وزیراعظم نے مہنگائی کی سالانہ شرح 6 اعشاریہ 9 فیصد ہونے پر حکومت کی معاشی ٹیم کی تعریف کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہوا، آئی ایم ایف پروگرام کے اجراء سے معیشت میں مزید استحکام آئے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگست 2024 میں 34 ماہ میں پہلی مرتبہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9 اعشاریہ 6 فیصد آئی جبکہ ستمبر میں گزشتہ 44 ماہ میں مہنگائی کی کم ترین شرح 6 اعشاریہ 9 فیصد ریکارڈ ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللّٰہ کے فضل و کرم سے عوام سے کیے عہد کی پاسداری میں کامیابی ملنا شروع ہو گئی، مہنگائی کی شرح میں کمی سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی متواتر کمی سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے جبکہ شرح سود کم ہونے سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے عوامی ریلیف کےلیے اقدامات کو اولین ترجیح بنایا مہنگائی شرح کو 2025ء تک 7 فیصد تک لانے کے ہدف کا 2024 میں ہی حصول قابل ستائش ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم نے گزشتہ برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کاٹیں، پاکستان کی ترقی کا سفر 2018 میں جہاں رکا تھا، وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔