بلوچ یک جہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا نام ٹائم میگزین کی 100 بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل ہو گیا۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو پاکستان میں بلوچوں کے حقوق کی ’پُرامن طریقے سے وکالت‘ کرنے اور اس حوالے سے گزشتہ سال دسمبر میں اسلام آباد کی جانب کیے گئے مارچ کی قیادت کرنے پر ٹائم میگزین کی 100 بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
گزشتہ سال دسمبر میں سیکڑوں بلوچ خواتین نے اسلام آباد کی جانب مارچ کیا تھا جس میں خواتین نے حکومت سے اپنے شوہروں، بیٹوں اور بھائیوں کے لیے انصاف کے حصول کا مطالبہ کیا تھا۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے ’ٹائم 100 نیکسٹ 2024ء لسٹ‘ میں اپنا نام شامل ہونے پر فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’ٹائم میگزین‘ کی جانب سے میرا نام دنیا کے 100 سرفہرست اُبھرتے ہوئے رہنماؤں میں شامل کیا جانا میرے لیے بڑے اعزاز اور خوشی کی بات ہے۔
ماہ رنگ بلوچ نے لکھا ہے کہ میں یہ اعزاز تمام بلوچ خواتین، انسانی حقوق کے محافظوں اور جبری طور پر لاپتہ کیے جانے والے افراد کے خاندانوں کے نام کرتی ہوں۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے علاوہ بنگلا دیش کی سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز کرنے والے ناہد اسلام اور غزہ کے فوڈ بلاگر حمادا شکورہ بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
ناہد اسلام اس وقت ڈھاکا یونیورسٹی میں سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے طالب علم ہیں اور وہ انسانی حقوق کے کارکن کے طور پر کام کرنے کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔
ناہد اسلام نے شیخ حسینہ کی پارٹی عوامی لیگ کے خلاف بھی آواز اٹھائی بھی جس پر انہیں سڑکوں پر تعینات دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔
دوسری جانب غزہ کے حمادا شکورہ نامی فوڈ بلا گر کی کہانی غزہ کے گنجان بازاروں اور کیفے سے شروع ہوئی جہاں سے اُنہیں فوڈ بلاگنگ اور کھانا پکانے کا شوق ہوا۔
ابتداء میں اُنہوں نے صرف فلسطین کے روایتی کھانوں کے بارے میں ویڈیوز بنانا شروع کیں جنہیں سوشل میڈیا پر پسند کیا جانے لگا اور ان کے فالوورز کی تعداد میں بھی اضافہ ہونے لگا۔
بعد ازاں اسرائیلی فوج کی 7 اکتوبر سے جاری جارحیت کے نتیجے غزہ میں غذائی قلت اور کھانے پینے کی بنیادی اشیاء کی عدم موجودگی کی وجہ سے حمادا شکورہ کو روایتی فلسطینی کھانے مجبوراً اپنی تخلیقی ترکیبوں کے ساتھ بنانا پڑے لیکن تمام تر مشکلات کے باوجود بھی ان کی کوشش ہوتی ہے کہ کھانے میں غذائیت کو برقرار رکھا جائے۔
ٹائم میگزین کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ بیان میں لکھا ہے کہ ’ٹائم 100 نیکسٹ لسٹ‘ کو زندگی کے مختلف شعبوں سے منسلک بااثر شخصیات کی خدمات کو تسلیم کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ٹائم میگزین ہر سال بااثر شخصیات کی فہرست شائع کرتا ہے، جس میں دنیا بھر کی سیاسی، سماجی، شوبز، اسپورٹس، ٹیکنالوجی اور بزنس سے متعلق شخصیات سمیت دیگر شعبہ ہائے جات سے منسلک افراد کو ان کی نمایاں خدمات کی بدولت شامل کیا جاتا ہے۔