انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اسٹیورٹ براڈ نے پیش گوئی کی ہے کہ انگلینڈ کا جارحانہ انداز پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کام کرے گا۔
ایک انٹرویو میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسٹیورٹ براڈ نے کہا کہ اگرچہ پاکستان ٹیم ان دنوں بہترین کرکٹ نہیں کھیل رہی لیکن اس کے باوجود پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز ایک آسان چیلنج نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2022ء میں دورۂ پاکستان بڑا شاندار رہا تھا، تمام کھلاڑی لطف اندوز ہوئے تھے۔
اسٹیورٹ براڈ نے مشورہ دیا کہ انگلینڈ کو تیز کرکٹ کھیلنا پڑے گی تاکہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
ان کا ماننا ہے کہ پاکستان ٹیم بہترین کرکٹ نہیں کھیل رہی اور مشکلات سے دوچار ہے، انگلینڈ کو مثبت کرکٹ کھیل کر جلد از جلد پاکستان ٹیم کو دباؤ میں لانا ہو گا۔
سابق فاسٹ بولر نے تسلیم کیا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستان کے پاس ورلڈ کلاس ٹیلنٹ ہے، ایسے کھلاڑی ہیں جو میچ جتوا سکتے ہیں اس لیے یہ ایک آسان چیلنج نہیں ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 7 اکتوبر سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دوسرا ٹیسٹ میچ بھی ملتان میں 15 اکتوبر سے کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 24 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔