پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ مینار پاکستان احتجاج میں علی امین گنڈاپور نہیں جارہے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین دھاوا نہیں بول رہے، نہ سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اپنی جیب سے پیسے ادا کرتے ہیں، احتجاج کے لیے آتے ہیں، احتجاج کرنا ہمارا حق ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اس ملک کے شہری ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ احتجاج جمہوریت کا حصہ ہے، آج شیلنگ کی آواز آرہی ہے، فیصل آباد میں ہمارے کارکنوں پر شیلنگ کی گئی، مینار پاکستان احتجاج میں علی امین گنڈاپور نہیں جارہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں منسٹرز کام کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور ایک، دو دن کےلیے باہر جاتے ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے یہ بھی کہا کہ 9 مئی پر ویڈیوز اور جوڈیشل کمیشن کی ڈیمانڈ ہم کر رہے ہیں کیو نکہ جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا جا رہا ہے۔ جب عدلیہ آزاد ہوگی بانی پی ٹی آئی رہا ہوں گے، مولانا فضل الرحمان اور ان کی رائے کا ہم احترام کرتے ہیں۔