• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب اپنے خوابوں کے گھر کی تعمیر کی بات آتی ہے تو اس سے جڑی ہر چیز کے بارے میں خوب سوچ بچار کیا جاتا ہے۔ گھر کے فلور پلان سے لے کر اس میں استعمال ہونے والے ہر مواد کے بارے میں سوچا جاتا ہے اور ماہرین سے مشورہ کیا جاتا ہے کہ آپ کے گھر کے لیے کون سا مواد مناسب رہے گا۔

گھر کی کھڑکیاں اور دروازے بھی اسی قدر اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ گھر کی تعمیر کے دوران کھڑکیوں اور دروازوں کی تنصیب میں ان کی افادیت کے ساتھ ساتھ دلکشی بھی بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ کھڑکیاں اور دروازے کسی بھی گھر کی بیرونی اور اندرونی آرائش میں اہم کردار ادا کرنے کے علاوہ گھر آنے والوں پر اچھا یا بُرا تاثر قائم کرنے میں بھی اہم ہوتے ہیں۔

گھر کی تعمیر کے وقت ان دونوں کی لاگت اور ضرورت کو مد نظر رکھنا ہوتا ہے، جب ان کے ڈیزائن پر بھی خاص توجہ دی جاتی ہے۔

کھڑکیاں

یہ آپ کے ذوق پر ہے کہ آپ پرانے طرز کی کھڑکیوں کا انتخاب کرتے ہیں یا آپ نئے ڈیزائن کے دلدادہ ہیں۔ ہاں، ایک بات ہم ضرور کہیں گے کہ نئے ڈیزائن کی کھڑکیاں آج کل زیادہ ٹرینڈی ہیں اور آپ کو ان کھڑکیوں سے ماحول دوست فوائد بھی حاصل ہوں گے۔

انرجی ایفیشنٹ ونڈوز

حالیہ دور میں مالکان گھر کی تعمیر کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کررہے ہیں اس میں مضبوطی کا عنصر تو شامل ہوتا ہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ وہ گھر کی اندرونی آرائش کے علاوہ یہ بھی دیکھتےہیں کہ ان کی منتخب کردہ کھڑکیاں ماحول پر کس قدر اثر انداز ہوتی ہیں۔

اکثر لوگ عام یا کم معیار والی کھڑکیاں لگا لیتے ہیں مگر ان غیر معیاری یا رخنے والی کھڑکیوں کی وجہ سے ان کو بجلی کا زیادہ بل بھرنا پڑسکتا ہے کیونکہ سردی میں ٹھنڈی ہوا اندر آنے سے ہیٹر چلانا پڑتا ہے تو گرمی میں گرم ہوا کے باعث ایئر کنڈیشن یا اضافی پنکھے چلانے پڑتے ہیں۔ اسی لیے اب لوگ انرجی اسٹار سرٹیفائیڈ کھڑکیاں استعمال کررہے ہیں، جو کہ توانائی بچانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

ماڈرن فکسڈ ونڈوز

آجکل مالکان کا نظریہ ہے کہ کھڑکیاں بڑی بڑی ہونی چاہئیں۔ یہی وجہ ہے کہ دورِ جدید کے گھروں میں بڑی کھڑکیوں کا رواج عام ہے، جو کہ فرش سے کچھ اُوپر سے شروع ہوکر چھت تک چلی جاتی ہیں اور ان کا فریم بھی نہ ہونے کے برابر ہوتاہے۔ یہ کھڑکیاں فکس ہوتی ہیں، یعنی آپ ان کے پَٹ وغیرہ نہیں کھول سکتے، یہ باہر کے نظاروں سے لطف اندوز ہونے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالتیں۔

شیشوں پر بھی کسی قسم کے پیٹرن یا گرڈز کا رواج ختم ہوتا جارہا ہےاور نہ ہی شیشوں پر اسکرین لگانے کی ضرورت محسوس کی جاتی ہے۔ کھڑکیوں کا یہ انداز اس وقت بہترین لگتاہے جب آپ گرائونڈ فلور پر رہائش پذیر ہوں۔ البتہ اگر آپ بالائی منزل پر رہنا چاہتے ہوں تو کھلنے والی کھڑکیاں منتخب کرسکتے ہیں۔

سیاہ فریم والی کھڑکیاں

آج کل سفید فریم والی کھڑکیوں کے بجائے سیاہ (میٹ بلیک) فریم مقبول ہے۔ سیاہ فریم والی کھڑکیاں آپ کے گھر کے آرائشی پہلو کو یکسر بدل کر رکھ دیں گی۔ یہ روایتی اور جدید گھروں میں ایک دلکش اضافہ ثابت ہوتی ہیں۔ یہ نہیںہے کہ آپ سفید رنگ استعمال نہ کریں، وہ تو ویسے ہی کلاسک لگتا ہے، تاہم سیاہ فریم والی کھڑکیاں اَپ ٹو ڈیٹ اور فریش ٹرینڈز کو سامنے لاتی ہیں۔

دروازے

یہ دروازے ہی ہیں جو سب سے پہلے آپ کے مہمانوں کا استقبال کرتے ہیں، ا س لیے ان کا ٹرینڈی ہونا ضروری ہے۔ دروازوں کو جدید بنانے کے چند آئیڈیاز ذیل میں بتائے جارہے ہیں۔

اسمارٹ ڈور لاک

دورِ جدید میں اسمارٹ ڈور لاک متعارف کروائے جانے سے دروازہ لاک کرنے یا نہ کرنے کی ٹینشن سے بچا جاسکتا ہے کیونکہ اسمارٹ لاک صرف موبائل فون سے کھلتا اور بند ہوتا ہے۔ اسمارٹ ڈورلاک موبائل ایپ اور بلوٹوتھ سسٹم پر مشتمل ہوتا ہے، آپ کو اپنا دروازہ کھولنے یا بند کرنے کے لیے اس کے پاس جانے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی۔

اس کے علاوہ آپ اپنے دروازے پر لائیو ویڈیو سسٹم بھی لگواسکتے ہیںیعنی جیسے ہی کوئی اجنبی دروازے کی بیل بجانے کی کوشش کرے گا تو آپ کے موبائل پر فوری طور پر رنگ بیل آجائے گی۔ یہاں تک کہ اگر آپ گھر پر موجود نہ بھی ہوں تب بھی اس سے بذریعہ فون بات کرسکیں گے۔

اَپ اسکیل ہارڈ ویئر

کبھی کبھی دروازوںمیں ایک چھوٹی سی تبدیلی بھی بہت اچھا اثر ڈال دیتی ہے ا ور اس کی دلکشی کو بہت حد تک بڑھا دیتی ہے۔ خوبصورت ڈیزائن والی دروازے کی ناب یا ’ڈور ناکر‘لگانے یا دروازے پر اسٹائلش رنگ کروانے سے بھی نیا ٹرینڈ سامنے آتا ہے۔

نیلا فلورسنٹ ڈور

اب دروازے صرف روایتی رنگوںمیں ہی نہیں آتے بلکہ یہ ہر رنگ میں اپنی بہاریں دکھانے لگے ہیں۔ آپ نے خود بھی دیکھا ہوگا کہ اچھوتے کلر بلکہ فلورسنٹ کلر بھی آجکل مقبول ہوتے جارہے ہیں۔ بےشک آپ کو کئی دروازے نئے رنگوں میں دکھائی دیے ہوں گے، لیکن 2020کے عشرے کا مقبول رنگ’کلاسک بلو‘ ہے۔

نیلے رنگ کے تمام شیڈز جیسے روبن بلو یا مڈنائٹ بلو آجکل ’اِن‘ ہیں، اگرآپ اپنے گھر کے دروازوں کو نیلے رنگ میں ڈھال لیں تو اس سے آپ کے گھر کی دلکشی میں اضافہ ہو جائے گا۔