معروف عالم دین مفتی تقی عثمان نے کہا ہے کہ حکمران فلسطین کے معاملے پر لفظی حمایت کے بجائے عملی اقدام کریں۔
کراچی میں فلسطین کانفرنس سے خطاب میں مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ آج کراچی کی تاریخ کی منفرد رات ہے، تمام مکاتب فکر کے علماء موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کی غلامی کا طوق مسلم ممالک نے پہنا ہوا ہے، مجاہدوں نےثابت کیا کہ دنیا کی کوئی طاقت مرعوب نہیں کرسکتی۔
معروف عالم دین نے مزید کہا کہ اسرائیل کا حماس کو ختم کرنے کا خواب پورا نہیں ہوا، ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ جس طرح ہو اہل فلسطین کی مدد کریں۔ جو مدد کرسکتا ہے اس کےلیے عزہ کے مسلمانوں کی مدد کرنا ہر مسلمان پر فرض عین ہے، ہم براہ راست جنگ کی پوزیشن میں نہیں۔
مفتی تقی عثمانی نے یہ بھی کہا کہ میں یقین سے کہتا ہوں وقت بدلے گا اور ضرور بدلے گا، حکمران فلسطین کے معاملے پر لفظی حمایت کے بجائے عملی اقدام کریں۔
انہوں نے کہا کہ آج سب ایک مقصد کےلیے جمع ہوئے ہیں، یہ بھی جہاد ہے، مسلمان جتنا بھی لاچار ہو حق کے لئے کھڑا ہوتا ہے، اللّٰہ کرے یہ حقیقت حکمرانوں کو بھی نظر آئے۔
معروف عالم دین نے کہا کہ اسرائیل حماس کو ختم کرنے آیا تھا مگر آج پوری دنیا میں رسوا ہورہا ہے، عالمی عدالت فیصلہ دے چکی کہ اسرائیل قتل عام کا مجرم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان شااللّٰہ ایک دن مسجد اقصیٰ کو اسرائیل کے قبضے سے آزاد دیکھیں گے۔