• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیپ کلینر، سٹاکٹسن میں مساجد اور اطراف کی سڑکوں و گلیوں میں صفائی مہم

نیوکاسل (پ ر) پاکستانی ایسوسی ایشن نارتھ ایسٹ کے زیراہتمام رضاکارانہ کیپ کلینر کے تیسرے مرحلے کے تحت سٹاکٹسن شہر کی جامع مسجد فاروق اعظم اور جامع مسجد حضرت علی المرتضیٰ ؓ اور اسکے اطراف کی گلیوں اور سڑکوں سے استعمال شدہ اشیا کو ہٹا کر صفائی کی گئی اور اس رضا کارانہ کوشش سے سٹاکٹسن میں خیرسگالی اور صاف ماحول قائم رکھنے کا پیغام اجاگر کیا گیا۔ رضاکارانہ مہم میں تنظیم کے ارکان بشمول ڈاکٹر رافع ، ڈاکٹر پرویز محمود چوہدری، ڈاکٹر شاہد، انجینئر عثمان ، پروفیسر مرزا محمد یوسف، ممتاز کاروباری شخصیت عامر گلزار اور دیگر نے شرکت کی جبکہ مہم کی قیادت تنظیم کے سرپرست اعلیٰ اور انٹرنیشنل ایمرجنسی ٹیم یوکے کے چیئرمین کونسلر چوہدری مہربان صدیق نے کی۔ کیپ کلینر مہم میں انٹرنیشنل ایمرجنسی ٹیم یوکے کرائسس مینجمنٹ کے جنرل سیکرٹری پروفیسر رچرڈ نے بھی بطور خاص شرکت کی۔ پاکستانی ایسوسی ایشن نارتھ ایسٹ کی ٹیم جامع مسجد فاروق اعظم پہنچی تو سٹاکٹسن کی معروف سماجی و دینی شخصیت راجہ پرویز اقبال ، سٹاکٹسن کی ممتاز شخصیت چوہدری خالد حسین بندرال اور میجر (ر) راجہ محمد شبیر نے استقبال کیاجبکہ جامع مسجد مڈل براہ المصطفیٰ سینٹر کے امام و خطیب شاید قیوم پاکستانی ایسوسی ایشن نارتھ ایسٹ کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لئے خصوصی طور پر سٹاکٹسن تشریف لائے۔ مہم کا بنیادی مقصد اہلیان سٹاکٹسن کے لئے صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا تاکہ معاشرے کا ہر فرد اپنے آس پاس کے ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے میں اپنا کردار بہتر طریقے سے ادا کرسکے۔ ٹیم ممبران و میزبان انتظامیہ کو گلیوں اور سڑکوں کے استعمال شدہ اشیا چنتے دیکھ کر اہل علاقہ اور راہگیروں نے خوشگوار حیرت اور خوشی کا اظہار کیا ۔ اس کاوش کو مثالی قرار دیا صفائی مہم کے بعد پاکستانی ایسوسی ایشن نارتھ ایسٹ ممبران کے لئے معروف سماجی و دینی شخصیت راجہ پرویز اقبال کی جانب سے پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا جبکہ ممتاز کشمیری رہنما چوہدری خالد حسین بندرال ، میجر (ر) راجہ محمد شبیر اور مقامی کونسلر صوفی مبین اور مسجد کے منتطمین نے سماجی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں کے لئے ہر قسم کے تعاون اور مدد کی پیشکش کی اور مستقبل میں سماجی بہبود کی سرگرمیوں کیلئے مشترکہ جدوجہد کے لئے لائحہ عمل پر غور کیا تاکہ ہر قسم کی تفریق سے ماورا ہو کر ایک مشترکہ مقصد کے لئے فعال کردار ادا کیا جاسکے۔ پی اے این ای کے چیئرمین چوہدری مہربان صدیق اور ڈاکٹر پرویز محمود چوہدری کی جانب سے منتظمین جامع مسجد فاروق اعظم و میزبان راجہ پرویز اقبال کا بطور خاص شکریہ ادا کیا جن کی مدد اور تعاون سے اس مہم کا کامیاب انعقاد ممکن ہو سکا۔

یورپ سے سے مزید