• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2 بچوں کی شرط کے سبب لیبر کے آنے کے بعد مزید 10,000 بچے غربت کا شکار ہوگئے

لندن (پی اے) چائلڈ پاورٹی ایکشن گروپ نے 2بچوں کی شرط ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ 2بچوں کی شرط کے سبب جولائی میں لیبر کے برسراقتدار آنے کے بعد مزید10,000بچے غربت کا شکار ہوگئے ہیں، اس لئے حکومت کو 2بچوں کی شرط ختم کرنے کا اعلان کردینا چاہئے جبکہ حکومت باربار یہ کہہ چکی ہے کہ سرکاری خزانے کی صورت حال کے سبب یہ پالیسی ختم نہیں کی جاسکتی۔ چائلڈ پاورٹی ایکشن گروپ کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ غربت میں روزبروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، اس لئے حکومت کو مزید بچوں کو غربت کا شکار ہونے سے بچانے کیلئے اگلے بجٹ میں یہ پالیسی ختم کردینا چاہئے کیونکہ یہ پالیسی سب سے زیادہ کم خرچ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم بچوں کی غربت کے حوالے سے حکومت کی قائم کردہ ٹاسک فورس کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن نقصان میں ہر روز اضافہ ہورہا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ مختلف وزیروں پر مشتمل ٹاسک فورس اگلے سال موسم سرما میں اپنی حکمت عملی کا اعلان کرے گی۔ سوشل تبدیلی سے متعلق ایک تنظیم جے آر ایف کا کہنا ہے کہ چائلڈ پاورٹی ایکشن گروپ کے بیان کردہ اعداد وشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مشکلات پر کنٹرول نہیں کیا جاسکا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کیلئے پلان تیار کرے۔ 2بچوں کی پالیسی کا اعلان 2017میں کنزرویٹو پارٹی نے کیا تھا، اس پالیسی کے تحت ٹیکسوں کی چھوٹ 2بچوں تک محدود کردی گئی تھی۔ ایک تھنک ٹینک کی حالیہ ریسرچ کے مطابق 2 بچوں کی پالیسی ختم کرکے 540,000بچوں کو شدید غربت سے نکالا جاسکتا ہے۔ فسکل اسٹڈیز انسٹی ٹیوٹ کا کہنا ہے کہ اس سےحکومت پر سالانہ کم وبیش 1.7بلین پونڈ کا بوجھ پڑے گا لیکن اس کے ساتھ ہی اس نے متنبہ کیا ہے کہ 2 بچوں کی پالیسی ختم کئے جانے سے بینی فٹ کو محدود پالیسی سے متاثر ہونے والے70,000غریب ترین گھرانوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے کنزرویٹو اور لبرل ڈیموکریٹ کی مخلوط حکومت نے 2013 میں بینی فٹ کو محدود کیا تھا، اس وقت دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس سے فلاحی ریاست میں شفافیت بحال ہوگی۔ ایک سرکاری ترجمان نے کہا ہے کہ ہماری ٹاسک فورس بچوں کی غربت میں کمی کرنے اور بچوں کو بہتر انداز میں زندگی کا آغاز کرنے کا موقع فراہم کرنے کیلئے ایک بہت ہی شاندار حکمت عملی تیار کررہی ہے، جس کے بعد کوئی بچہ غربت کا شکار نہیں رہے گا، اس کے ساتھ ہی ہم اس موسم سرما کے دوران انتہائی ضرورت مند لوگوں اور گھرانوں کی سپورٹ کیلئے ہائوس ہولڈ سپورٹ فنڈ کا دائرہ وسیع کررہے ہیں جبکہ ہم عدم مساوات دور کرنے کیلئے پلان پر عمل کررہے ہیں۔

یورپ سے سے مزید