• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکہ اور برطانیہ کیلئے جلد پروازیں شروع ہوں گی، سید قمر رضا

بالٹی مور (شفقت رضا) اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے وطن عزیز کے تمام ائر پورٹس پر خدمت ڈیسک لگا دیئے گئے ہیں اور میں نے خود اُن ڈیسکوں کا دورہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن کے چیئر مین سید قمر رضا نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید قمر رضا اپنے وفد کے ساتھ مسلم فار ٹرمپ امریکی تنظیم کے بانی چوہدری ساجد تارڑ کی جانب سے دیئے گئے ظہرانہ میں شریک تھے۔ ساجد تارڑ ’’ہوپ فار اوورسیز پاکستانیز فیڈریشن‘‘ کے چیئر مین بھی ہیں، اس موقع پر امریکہ میں مقیم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن موجود تھے۔ سید قمر رضا نے کہا کہ اووسیز پاکستانیوں کیلئے او پی ایف نے شاپنگ کارڈز کا اجرا کیا ہے، پاکستانی ائر پورٹس سے مریضوں اور دوسرے ممالک سے آنے والی میتوں کو گھروں تک پہنچانے کے لئے ایمبولینسز کا اجرا بھی او پی ایف کی اولین ترجیح ہے، سید قمر رضا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے تفصیلی بات ہوئی ہے جس میں ہم نے درخواست کی ہے کہ پاکستان سے برطانیہ اور امریکہ کے لئے بہت جلد براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کیا جائے، اس کے جواب میں وزیراعظم پاکستان نے وعدہ کیا ہے کہ پہلی فرصت میں یہ کام سر انجام دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، انہوں نے کہا کہ اُس کے بعد یورپی ممالک کے لئے ڈائریکٹ فلائٹس چلنا شروع ہو جائیں گی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ چیئر مین چوہدری ساجد تارڑ کی ہوپ آف اوورسیز پاکستانیز تنظیم بھی اوورسیز کے حقوق کے لئے کام کر رہی ہے یہ تنظیم ہمارے ساتھ مل کر چلے ہم تارکین وطن پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے آگے بڑھیں گے اور حکومت پاکستان دوسرے ممالک میں اُن تمام تنظیموں کی سہولت کاری کرے گی جو اپنے ہم وطنوں کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔ ظہرانے میں عثمان علی رانا، راجہ ادریس، ملک نعیم، جولیس، وقار گل، عامر چیمہ و دیگر معززین نے شرکت کی۔

یورپ سے سے مزید