دی ہیگ (راجہ فاروق حیدر) سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ میں متعین قونصلر محمد واصف کا تبادلہ بنگلہ دیش ہو گیا۔ وہ جلد اپنی سفارتی ذمہ داریا ں سنبھالنے بنگلہ دیش روانہ ہو جائیں گے۔ انھوں نے ہالینڈ میں پاکستانی کمیو نٹی کے ساتھ گہرے روابط رکھے۔ پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سنٹر دی ہیگ اور روشنی فرینڈز نے قونصلر محمد واصف کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا جس میں نظامت کے فرائض حاجی جاوید عظیمی نے ادا کئے۔ چوہدر ی اکرام اللہ نے تلاوت قران پا ک کا شرف حاصل کیا۔ کشمیر پیس فورم کے سیکرٹری جنرل پاکستان اسلامک کلچرل سنٹر کے سیکرٹری جنرل راجہ فاروق حیدر، ڈاکٹر محمد کامران، میاں عا صم محمود، چوہدری محمد اقبال، چوہدری محمد الیاس، جاوید پیارا بٹ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے قونصلر محمد واصف کی کمیونٹی خدمات کو سراہا۔ تقریب میں سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ کے فرسٹ سیکرٹری جمال ناصر نے بھی شر کت کی اور کہا کہ سفیر پاکستان سلجوق مستنصر کی ہدایات کے مطابق کمیونٹی سروسز میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیا جائےگا۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پاک، ڈچ کمیو نٹی اور پاکستان سفارتخانہ کے درمیا ن بہترین روابط ہیں۔ تقریب میں سماجی بزرگ شخصیت چوہدری محمد یوسف، راجہ سجاد، حیدر علی، اعجاز بھائی، میاں عمران، چوہدری بنارس اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ قونصلر محمد واصف نے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں نے جو کام کیا اپنے فرض کی ادائیگی کی ہے، ہالینڈ میں مقیم پاکستانی محب الوطن پاکستانی کمیونٹی ہے۔