• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ وحب میں آئسکریم پراسیسنگ یونٹ سمیت18مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی قوانین کی خلاف ورزی پر کھانے پینے کے چھوٹے بڑے مراکز و کارخانوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں ۔ اس ضمن میں اتھارٹی کی آپریشن ٹیموں نے کوئٹہ شہر کے مختلف مضافات مختلف وجوہات پر معروف آئسکریم پراسیسنگ یونٹ اور مصالحہ یونٹ سمیت 14 جبکہ حب میں 4 مراکز پر جرمانے عائد کردئیے ۔دوران انسپکشن کوئٹہ میں غیر رجسٹرڈ مکھن کی تیاری پر مکھن پراسیسنگ یونٹ اونر کو اتھارٹی سے مکھن کی رجسٹریشن کروانے تک کام بند کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق ناقص خوراک کی تیاری و فراہمی کے تدارک کیلئے کوئٹہ کے مختلف علاقوں کواری روڈ ، طوغی روڈ ، سرکی روڈ ، نواں کلی اور ہزارہ ٹاؤن میں اشیاء خوردونوش کے مراکز کا معائنہ کیا گیا ۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد بیکنگ یونٹس، نمکو کارخانہ ، میٹ شاپس ، مصالحہ یونٹ ، پکوان ہاؤس اور ایک معروف آئسکریم پراسیسنگ یونٹ جبکہ زائد المیعاد خوردنی مصنوعات برآمد ہونے پر 2 ڈیپارٹمنٹل اسٹور اور 2 جنرل اسٹورکے خلاف ایکشن لیا گیا ۔حب میں بی ایف اے زونل ٹیم نے 2 جنرل اسٹورز سے پابندی عائد و مضر صحت چائنیز نمک برآمد کیا جبکہ بارہا تنبیہ کے باوجود صفائی کے نامناسب انتظامات اور مجموعی طور پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 ریسٹورنٹس مالکان پر جرمانے عائد کئے گئے۔
کوئٹہ سے مزید