• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ گھر میں اضافی تعمیر اور اس کے فائدے

زمانہ بدل رہاہے تو ترجیحات بھی بدل رہی ہیں، لوگ جس گھر میں سالہا سال سے رہائش پذیر ہوتے ہیں، مختلف وجوہات کی بنا پر اس میں ردوبدل اور تزئین و آرائش کیلئے کبھی نہ کبھی سوچ بچار کرتے ہی ہیں، جیسا کہ اگر آپ کے بچے بڑے ہورہے ہیں تو ان کیلئے اضافی کمرے کی ضرورت پڑتی ہے۔ اگر آپ بھی اپنے گھر میں کسی قسم کی اضافی تعمیر کے بارے میں سوچ رہے ہیں تو اس کا انحصار آپ کے مکان کی تعمیر اور اس میں موجود گنجائش پر ہے۔

اس مقصد کیلئے آپ کے پاس کوئی نقشہ یا منصوبہ ہے تو اس سے آپ کی زندگی آسان ہوسکتی ہے۔ مزید برآں اگر آپ اپنے گھر پر نئی منزل تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے اجازت بھی حاصل کرنا ہوتی ہے، قوانین کی پاسداری کرکے ہی آپ اپنے ارادے کو عملی جامہ پہنا سکتے ہیں۔ مکان میں اضافی تعمیر کے حوالے سے چند مشورے ذیل میں درج ہیں۔

اضافی کمرہ

چھت پر اگر اضافی کمرہ بنادیا جائے تو اس کے کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ بچے اس کمرے کو کثیرالمقاصد استعمال میں لاسکتے ہیں، جیسے کہ اسے لائبریری کا رُوپ دیا جا سکتا ہے، اسٹڈی روم تشکیل دیا جاسکتا ہے یا کمبائنڈ اسٹڈی کیلئے اسے استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ 

اس کے علاوہ یہاں چھوٹا سا جِم بھی بنایا جاسکتا ہے یا پھر مہمانوں کے لیے بیٹھک کا انتظام بھی کیا جاسکتا ہے۔ کوئی مہمان گھر پر رہنے آجائے تو یہاں اسے ٹھہرانے کا بندوبست بھی کیا جاسکتا ہے۔ اگر اس کمرے کے ساتھ کچن یا باتھ روم تعمیر کروادیا جائے تو یہ کمرہ ایک چھوٹی فیملی کو کرائے پر بھی دیا جاسکتا ہے۔

اضافی کچن

چھت پر کچن بنانے کا خیال بھی اچھوتا ہوسکتا ہے۔ اگر کچن کا آئیڈیا مناسب نہ لگے تو باربی کیو کائونٹر لگایا جاسکتا ہے اور یہ جگہ باربی کیو پارٹی کے لیے آئیڈیل رہے گی۔ اس کے علاوہ گھر کے تمام افراد مل کر یہاں اپنی پسند کے کھانے بنا کر ان سے خوب لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ آپ کی چھت اگر خوبصورت انداز سے بنی ہے تو آپ اس میں تھوڑی بہتری لاکر اسے مزید خوبصورت بنا سکتے ہیں۔

چھت پر باغیچہ

آج کل چھت پر باغبانی کرنے کا بہت رجحان ہے، اس سے گھر کے ماحول کو خوشگوار بنانے میں مدد ملتی ہے۔ چھت پر لگے پودے یا سبزہ زارماحول بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور آپ کی طبیعت پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ چھت پر موجود پھول اور پودے آپ کو صاف ستھری اور تازہ ہوا فراہم کرتے ہیں۔ 

اس کی وجہ سے شام کے اوقات میں چھت کے نیچے والے کمرے کا ماحول ٹھنڈا رہے گا جبکہ صبح کے وقت ہوا فرحت کا باعث بنے گی۔ چھت پر بنے باغیچے کے رنگین پھولوں اور پودوں کے درمیان بیٹھنے کیلئے آپ کو سائبان تعمیر کرنے کی ضرورت ہوگی۔ لوگ جیوٹیکسٹائل شیٹس کے سائبان اپنی چھتوں پر بنواتے ہیں، ان پر زیادہ لاگت نہیں آتی اور سبز رنگ کی شیٹس آنکھوں کو بھی بھلی لگتی ہیں۔

آتش دان

چھت اگر آراستہ وپیراستہ ہو یعنی اس پر بیٹھنے کا عمدہ انتظام ہو تو عام طور پر لائم اسٹون اسٹائل کے آتش دان چھت پر یا فرنٹ پورچ میں تیار کروائے جاتے ہیں۔ اس طرح کے آتش دانوں کیلئے فرنٹ پورچ کی مرکزی دیوار پتھروں سے تعمیر کروائی جاتی ہے۔پھر اس دیوار میں آتش دان کیلئے جگہ چھوڑ دی جاتی ہے۔ 

سرد موسم میں اس جگہ کو استعمال کرتے ہوئے یہاں آگ جلائی جاتی ہے اور سردی کی سوغاتوں کے مزے لیتے ہوئے آپس میں گپ شپ کرکے اچھا وقت گزارا جاتا ہے۔ یہ دیوار سادہ بھی بے حد خوبصورت اور اسٹائلش لگتی ہے۔

بالکونی کی تعمیر

قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے آپ پہلی یا دوسری منزل پر بالکونی تعمیر کرواسکتے ہیں، جہاں سورج طلوع یا غروب ہوتے وقت اپنی شعاعیں نچھاور کرے گا اور آپ دن بھر تازہ ہوا بھی حاصل کرسکیں گے۔ بالکونی کی تعمیر کے بعد اسے فالتو سامان سے بھرنے نہ دیں۔ دھوپ کے مزے لینے کے لیے آپ اس میں صوفے یا بنچ بچھالیں ، یا کرسیاں رکھ لیں۔

آؤٹ ڈور ڈیک

اگر آپ کا گھر کسی ڈھلان، کسی کم یاب یا بیابان ڈرائیو وے پر بنا ہے اور گھر کے گیراج کے اوپر، باہر کسی غیر استعمال شدہ خالی ایریا(Yard) پر یا گھر کے سامنے بہت کھلے علاقے میں جگہ موجود ہے تو پھر آپ جہاز نما ڈیک (عرشہ) کی تعمیر کرکے اسے تخلیقی شکل دے سکتے ہیں۔ 

گھر سے منسلک ڈیک ایک پیٹیو کی طرح ہوتا ہے، سوائے اس کے کہ یہ ایک لکڑی یا لکڑی کے ساتھ دیگر مٹیریل سے بنا ہوتا ہے اور زمین سے تھوڑا اُوپر اٹھا ہوا ہوتا ہے۔ اگر آپ کا گھر LیاUشیپ کا ہے تو ڈیک بنانے کیلئے گھر کا عقبی حصہ اس کے لیے سب سے موزون سمجھا جاتا ہے۔