وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے گورنر پنجاب کے بیان پر ردعمل میں صوبہ سندھ میں اسکولوں کی حالت زار پر تبصرہ کردیا۔
لاہور سے جاری بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سندھ میں اسکول سرے سے موجود ہی نہیں، جو اسکول ہیں، ان میں جانور بندھے نظر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں امتحانات میں نقل اور سینٹرز کا بکنا رواج ہے، جہاں آپ کی 16 سال سے حکومت ہے، وہاں اسکول کا سسٹم 19ویں صدی کا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ سندھ میں آئے روز گھوسٹ ملازمین اور گھوسٹ طلباء کی خبریں نشر ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 7 اضلاع شرح خواندگی میں آج بھی ٹاپ پر ہیں، کراچی کے 2 علاقے اور باقی سندھ میں شرح خواندگی صفر ہے۔
عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ جو کام تحریک انصاف کرتی ہے وہ گورنر پنجاب نے شروع کردیے ہیں۔ گورنر کو یاد کروانا پڑتا آپ گورنر ہیں انتظامی معاملات سے آپ کا کوئی لینا دینا نہیں۔