• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایس سی او اجلاس: بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اسلام آباد پہنچ گئے

’جیو نیوز‘ گریب
’جیو نیوز‘ گریب 

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر اسلام آباد پہنچ گئے۔

بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر کو لانے والے بھارتی ایئر فورس کے خصوصی طیارے نے 3 بج کر 26 منٹ پر نور خان ایئر بیس پر لینڈ کیا۔

بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر دہلی سے خصوصی طیارے میں پاکستان کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

’جیو نیوز‘ گریب
’جیو نیوز‘ گریب 

بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر اور ان کی ٹیم کا نور خان ایئر بیس پر پُرتپاک استقبال کیا گیا۔

جے شنکر وزیرِ اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی جانب سے دی جانے والی ضیافت میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا 23 واں سربراہی اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے، جس میں میزبان پاکستان سمیت 8 ممالک کے وزرائے اعظم اور دیگر اعلیٰ شخصیات شرکت کریں گی۔

دفترِ خارجہ کے مطابق 2 روزہ ایس سی او سمٹ میں شرکت کے لیے تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان و نمائندوں کی وفاقی دارالحکومت آمد کا سلسلہ جاری ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف آج مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ و عشائیہ دیں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف ایس سی او کے سربراہی اجلاس کے دوران کل مختلف ممالک کے وفود کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

جاری ہونے والے شیڈول کے مطابق کل صبح تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان و نمائندے اجلاس میں شرکت کے لیے جے سی سی پہنچیں گے جہاں ان کا استقبال وزیرِ اعظم کریں گے، اس کے بعد گروپ فوٹو کا سیشن ہو گا۔

قومی خبریں سے مزید