• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانیوں کیلئے جاپان میں ملازمتوں کے مواقع تلاش کرنے کیلئے سیمینار

پاکستانی افرادی قوت کے لیے جاپان میں ملازمتوں کے مواقع تلاش کرنے اور جاپانی کمپنیوں کو پاکستان سے جوڑنے کے لیے سفارت خانہ پاکستان ٹوکیو نے جاپان کے جنوبی پریفیکچر فوکواوکا میں پاکستان ہیومن ریسورس سیمینار کا انعقاد کیا۔

سیمینار میں 50 سے زائد جاپانی کمپنیوں نے شرکت کی جہاں شرکاء کو پاکستان اور پاکستانی افرادی قوت سے متعلق معلومات کے ساتھ ساتھ پاکستان سے افرادی قوت کی بھرتی کے عمل کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا۔

سفیرِ پاکستان رضا بشیر تارڑ نے اختتامی کلمات میں پاکستان اور جاپان کے مابین افرادی تعاون کو بہتر بنانے کے لیے سفارت خانہ پاکستان ٹوکیو، وزارتِ اوور سیز پاکستانیز اور سرکاری و نجی اداروں کی جانب سے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

سفیرِ پاکستان نے جاپانی سرکاری و نیم سرکاری اداروں اور بینک آف فوکواوکا کی طرف سے تعاون کو سراہا۔

جاپانی کمپنیوں کو پاکستانی اوور سیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز سے بہتر ہم آہنگی کے لیے سفیر پاکستان نے شرکاء کو پاکستان کا دورہ کرنے میں بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔

سیمینار کے اختتام میں سوال جواب کا سیشن ہوا جس میں جاپانی کمپنیوں نے پاکستان میں جاپانی زبان کے تعلیمی معیار اور اوور سیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کی تیاری میں خصوصی دلچسپی لی۔

خاص رپورٹ سے مزید