وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کے سندھ اسمبلی ارکان کو لکھے گئے خط پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
وزیر تعلیم نے ارکان اسمبلی کو خط لکھ کر اپنے حلقے کے اسکولوں کو گود لینے کی دعوت دی تھی۔
کراچی سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس پروگرام کو “Minister for Initiative for Adoption of School” کا نام دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں کراچی کے 74 اسکولوں کو 32 ارکان سندھ اسمبلی کی نگرانی میں دے دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حیدر آباد سے 3 ارکان اسمبلی کو ایڈاپشن پروگرام کے تحت 11 اسکولوں کی نگرانی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ٹھٹھہ اور سجاول کے 9 اسکولوں کو 2 ایم پی ایز نے گود لیا۔ ارکان اسمبلی کی طرف سے آنے والی درخواستوں کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق ضروری کارروائی کے بعد اسکول ایڈاپشن کے نوٹیفکیشن کا سلسلہ جاری رہے گا۔
وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ حکومتی اور اپوزیشن بینچز کے اراکین تعلیم کی ترقی کے معاملے پر متفق ہیں۔