راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل کی ہدایات کے باوجود راولپنڈی کے بڑے نالوں کا ریونیو سروے شروع نہیں ہوسکا ہے۔جبکہ نالوں کی صفائی کی صورتحال بھی ابتر ہے۔ادھر ضلعی حکومت راولپنڈی نے آر ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے زیر کنٹرول علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرے۔جبکہ راول اور پوٹھوہار ٹائون انتظامیہ کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ عدالتی احکامات کی روشنی میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن کو نان سٹاپ جاری رکھیں اور اس کو سست روی کا شکار نہ ہونے دیں۔بالخصوص جن علاقوں کی نشاندہی عدالت عالیہ نے کی ہے ان علاقوں کو کلیئر کیا جائے۔ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے یہ ہدایات تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات،بے ہنگم پارکنگ اور دیگر مسائل کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔جس میں ایڈمنسٹریٹر راول ٹائون نازیہ پروین،ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل پلاننگ چوہدری علی عمران،راولپنڈی کینٹ و چکلالہ کے نمائندوں اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈی سی او نے ٹریفک پولیس کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ شہر بالخصوص تجارتی مراکز کمرشل مارکیٹ اور دیگر بازاروں میں بے ہنگم پارکنگ کو درست کرائیں۔پوٹھو ہار ٹائون اور چکلالہ اور راولپنڈی کینٹ کے حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ مشترکہ حدود والے علاقوں بالخصوص اڈیالہ روڈ اور دیگر میں ملکر تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کریں۔اور اس مقصد کیلئے پولیس مدد کی جہاں بھی ضرورت ہو وہ طلب کی جائے۔اجلاس میں تمام میونسپل اداروں نے اپنی اپنی کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش بھی کی۔