• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایکسٹیریئر ڈیزائن میں گھر کے داخلی راستہ کی اہمیت

اگر آپ اپنے خوابوں کا نیا گھر تعمیر کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس وقت منصوبہ بندی کے مرحلے پر ہیں تو یقیناً آپ بہت فکر مند ہوں گے کیوں کہ گھر کے اندرونی ماحول سے لے کر وہ باہر سے کیسا دِکھے گا، آپ ہر معاملے کو بڑی احتیاط سے لے کر آگے بڑھ رہے ہوں گے۔ انجنیئرنگ سے لے کر لے آؤٹ پلان تک آپ ہر چیز اعلیٰ معیار کی چاہیں گے۔

جب بات گھر کا داخلی حصہ ڈیزائن کرنے کی آتی ہے تو اس حوالے سے بھی آپ کے ذہن میں ایک خاکہ ضرور موجود ہوگا۔ آپ کے گھر کا داخلی راستہ آپ کی رہائش گاہ کے اندرونی حصے تک پہنچنے کا ذریعہ ہوتا ہے۔ دراصل آپ کے گھرکا داخلی راستہ (اینٹرینس) آپ کی شخصیت کی عکاسی کرتا ہے۔ 

انٹیریئر ڈیزائننگ کے ماہرین داخلی راستے کے لیے ڈیزائن اور آرائش کی اہمیت پر زور دیتے ہیں کیونکہ یہ آپ کے گھر کا پہلا تاثر پیش کرتا ہے اور اس لحاظ سے اس کا متاثر کن ہونا ضروری ہے۔ آپ کے گھر کا داخلی راستہ ایسا ہونا چاہیے کہ جو بھی مہمان آئے وہ اس کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

فطرت کے قریب

ہر شخص فطرت کے قریب تر رہنا چاہتا ہے۔ گھر کے داخلی راستے کے لیے قدرتی عناصر کا امتزاج حیرت انگیز کام کرتا ہے۔ ا گر آپ لکڑی یا بانس سے بنا آرائشی سامان اور تازہ پھولوں سے مزین گملے داخلی راہداری کے دونوں طرف لگادیں تو یہ اس جگہ کو قدرتی خوبصورتی اور ماحول عطا کریں گے۔ لکڑی کے دروازے میں اگر شیشے سے بنے جھروکے ہوں تو وہاں سے باغیچے کا منظر یا اس میں سےچھن چھن کرتی سورج کی روشنی داخلی راستے کو روشن اور دلکش بناسکتی ہے۔

ہائبرڈ ڈیزائن

آپ اپنے گھر کے داخلی راستے کو جدید اور کلاسک رجحانات کے امتزاج سے بھی مزین کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر داخلی راستے پر آپ کسی جدید طرز کے فریم میں ایک پرانی تصویر لگا سکتے ہیں یا پھر موجودہ عہد کی باتوں اور اقوال پر مشتمل ایک وضع دار ٹیبل لگا سکتے ہیں اور بیک ڈراپ میں کوئی تاریخی منظر یا وال پیپر لگا کر اسے منفرد بنا سکتے ہیں۔ بنیادی خیال یہ ہے کہ ایسے عناصر کو ملایا جائے جو بہترین امتزاج سامنے لائیں اور دیکھنے والے داد دیے بغیر نہ رہ سکیں۔

مونوکروم رنگ

ایک غالب رنگ ہونا ایک اچھوتا خیال ہے، اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ آپ داخلی دروازے کو سرخ، پیلے یا سبز رنگ میں نہلا دیں۔ مقصد یہ کہ ایک بنیادی رنگ لے کر اس کے مختلف شیڈز سے داخلی دروازے کو سجاناایک اچھا نقطہ آغاز ہو سکتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر نیلے رنگ کو بنیادی رنگ بنایا جائے تو اس رنگ کے وال پیپرز، آرائشی بیلوں اور قالین کو بھی داخلی راستے کا حصہ بنا دیا جائے۔ سجاوٹ کا یہ انداز ایک دلکش تھیم کو سامنے لاتاہے، جو دیکھنے والوں پر خوشگوار اثر چھوڑتا ہے۔

پُرانا انداز

اسے تعمیراتی دنیا میں ریٹرو لُک بھی کہا جاتاہے، جیسے ٹیپ ریکارڈر یا گراموفون آج کے زمانے کے لیے ریٹرو ہیں۔ ریٹرو فرنیچر کا ایک ٹکڑا آپ کے گھر کے داخلی راستے میں نئی جان ڈال سکتاہے، جیسے کہ لالٹین یا لالٹین کی طرز کے لیمپ یا ایک وضع دار اور روشن سائیڈ بورڈ۔ یہ تمام چیزیں آپ کے گھر کے داخلی راستے کو منفرد بنانے کے لیے بہترین ثابت ہو سکتی ہیں۔

روشن روشن

گھر کی ڈیزائننگ میں لائٹنگ بہت اہمیت اختیا ر کرجاتی ہے۔ بیرونی حصہ ہو یا اندرونی، ہر جگہ کو روشنی کی ضرورت ہوتی ہے۔ تاہم گھر کے داخلی راستے کے لیے خصوصی روشنی درکار ہوتی ہے۔ تیز اور ڈیزائنر لائٹس داخلی راستے میں نمایاں نظر آتی ہیں جبکہ لٹکے ہوئے بلب یا فانوس سجے ہوئے دالان میں دلکشی پیدا کرتے ہیں اور خوب روشنی نچھاور کرتے ہیں۔ ایک اور حیرت انگیز خیال آئینے کے استعمال کا بھی ہے جو روشنیوں کو منعکس کرتے ہوئے پورے داخلی راستے کو منور کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔

فلیوڈ اسٹائل

ہائیڈرولک ٹائلیں ان کے امتزاجی نمونوں کے ساتھ اچھا لُک دے سکتی ہیں۔ اگر یہ داخلی دروازے اور دالان کے فرش کے ساتھ ساتھ دیوار پر بھی استعمال کی گئی ہوں تو اس سے داخلی راستے کو جمالیاتی حسن مل جاتاہے۔

کلاسیکی میز

اگر آپ داخلی راستے میں ٹیبل لگانے کے لیے کچھ کلاسیکل انداز اپنانے کا سوچ رہے ہیں تو سیاہ رنگ کی لکڑی سے تیار کی گئی سادہ سی کونسول ٹیبل ایک دلچسپ انتخاب ثابت ہو گی۔ اس ٹیبل کو آپ داخلی راستے کی کسی بھی سائڈ پر رکھ سکتے ہیں اورٹیبل کی سجاوٹ کے لیےہلکے وزن کی لکڑی کے فریم میں نصب آئینہ، دو عدد چھوٹے مرر ٹیبل، ا ن پر رکھے گلدان اور ایک عدد پکچر فریم کا انتخاب آپ کے گھر کے داخلی راستے کی رونق میں اضافہ کرے گا۔

نایاب اور منفرد

فرنیچر کا ایک پرانا یا دریافت شدہ پیس سجاوٹ کا نظریہ بدل سکتاہے یا پھر دوسرے لفظوں میں یہ داخلی راستے میں ایک نیا پن لاسکتا ہے۔ نیلے یا کتھئی رنگ کا صوفہ دلکش انداز میں داخلی راستے یا دالا ن کو نیا انداز دے سکتا ہے۔ آرٹ پیس کے ساتھ ملانے والی کرسیاں، تازہ پھول، چمکنے والی موم بتیاں اور دورِحاضر کے دیواری فریم خوبصورتی سے داخلی راستے کو پُرکشش بنادیں گے۔