• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم سرما میں فیول پیمنٹ میں کٹوتی سے بہت سے پنشنرز کی ہلاکت کا خدشہ

لندن (پی اے) موسم سرما میں فیول پیمنٹ میں کٹوتی سے 66 اور79 سال کی درمیانی عمر کے90 فیصد پنشنرزپیمنٹ سے محروم ہوجائیں گے، جس کی وجہ سے بہت سے پنشنرز موت سے ہمکنار ہوجائیں گے، لہٰذا حکومت کو یہ فیصلہ واپس لینا چاہئے۔ لیبر پارٹی کا کہنا ہے کہ کنزرویٹو پارٹی کی جانب سے ورثے میں مالیاتی بلیک ہول کو ختم کرنے کیلئے یہ کٹوتی ضروری ہے۔ بووین ڈیویز کا کہنا ہے کہ عوام کو اس کے اثرات محسوس ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے اس موسم سرما کے دوران ہونے والی ہلاکتوں میں کم وبیش 4,000اموات کا اضافہ ہوجائے گا۔ خود برطانوی حکومت کے اعدادوشمار کے مطابق 80 سال عمر سے زیادہ کے کم وبیش 83فیصد افراد لوگ پیمنٹ سے محروم ہوجائیں گے، اس کے علاوہ معذوری کے شکار کم وبیش 71فیصد پنشنرز بھی اس رقم سے محروم ہوجائیں گے۔ ویلز میں معذوروں سے متعلق تنظیم کے چیف ایگزیکٹو بووین ڈیویز کا کہنا ہے کہ بعض لوگوں کو ایک ایک پینی کی ضرورت ہوتی ہے، ان لوگوں کو اپنا گھر گرم رکھنے اور نظر کمزور ہونے کی وجہ سے گھر کو روشن رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انھیں اپنے بجلی سے چلنے والے اکیوئپمنٹ چلانے کی ضرورت ہوتی ہے، بعض معذور لوگوں کو گھر کو زیادہ گرم رکھنے اور اپنے معاون آلات کو فعال یا رواں رکھنے کیلئے زیادہ بجلی کی ضرورت ہوتی ہے۔ پلیڈ کائمرو کی رکن پارلیمنٹ  Caerfyrddin، این ڈیوس نے وزیراعظم کے وقفہ سوالات کے دوران ویلز کے پنشنرز کے مسائل پر روشنی ڈالی، ملک کے کم وبیش 86 فیصد پنشنرز غربت کا شکار ہیں اور ان کو صرف اس پیمنٹ کا آسرا تھا، ویلز کے عوام جس سے محروم ہورہےہیں۔ انھوں نے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم ایسے مجبور لوگوں کیلئے خصوصی انرجی ٹیرف قائم کریں گے۔ سر کیئر اسٹارمر کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت کو 22 بلیک ہول ورثے میں ملے ہیں، کیا کنزرویٹو پارٹی ملک کو اس حالت کو پہنچانے پر معافی مانگے گی؟ انھوں نے کہا کہ حکومت نے پنشن کے ٹیپل لاک کا عزم کیا ہوا ہے، جس سے اگلے سال سے پنشن میں 460 پونڈ تک کا اضافہ ہوجائے گا۔ اس کے معنی یہ ہیں کہ لیبر پارٹی کی حکومت کے دور میں پنشنرز زیادہ بہتر زندگی گزار سکیں گے کیونکہ ہم معیشت کو مستحکم کرنے کی کو شش کررہے ہیں۔ پنشنرسے متعلق امور کی ماہر ہیلن موریسے کا کہنا ہے کہ جو لوگ پیمنٹ سے محروم ہوگئے ہیں، وہ پنشن کریڈٹ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں، آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کیا آپ گھروں کو گرم رکھنے کیلئے ملنے والے ڈسکاؤنٹ کے حقدار ہیں، جس کے تحت فیول کے بل پر 150 پونڈ کی رعایت مل جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اگر آپ کو حقیقی معنوں میں اس موسم سرما کے دوران انرجی بلز کی ادائیگی میں دشواری محسوس ہورہی ہے تو اپنے سپلائر سے بات کریں کہ کیا وہ اس حوالے سے آپ کی مدد کرسکتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ نہیں سمجھتیں کہ چانسلر رچل ریوز اس مہینے کے بجٹ میں اس حوالے سے کوئی تبدیلی کریں گی۔ تاہم اس میں کچھ نرمی کئے جانے کی توقع کی جاسکتی ہے اور جو لوگ پنشن کریڈٹ کے حقدار نہیں ہیں، انھیں اس طرح کچھ سپورٹ مل سکتی ہے۔

یورپ سے سے مزید