• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کے 18 فیصد شہری فراڈیوں کے ہاتھوں لٹ گئے

لندن (سعید نیازی)برطانیہ کے 18فیصد شہری فراڈیوں کے ہاتھوں لٹ گئے ۔سٹیزن ایڈوائزرکی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس90لاکھ افرادفراڈ کانشانہ بنے، 43فیصد متاثرین کو مالی معاملات کو بہترکرنے کے لیے قرضہ لینا پڑا ۔ادارے کے چیف ایگزیکٹو نے شہریوں کو خبردارکیاہے کہ فراڈ کرنے والے صرف سرمایہ لگانے والوں کو ہی نہیں بلکہ کسی کو بھی نشانہ بناسکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق برطانیہ بھر میں گزشتہ برس تقریباً90لاکھ افراد فراڈ کرنے والے کے ہاتھوں لٹ گئے۔ سٹیزن ایڈوائزر کی تازہ رپورٹ کے مطابق برطانیہ بھر میں ہر پانچ میں سے ایک شخص (18فیصد) مالیاتی فراڈ کا نشانہ بنے اور مجموعی طور پر9ملین افراد متاثر ہوئے۔ متاثر ہونے والے43فیصد افراد کو اپنے مالی معاملات سے نمٹنے کے لیے مزید قرضہ لینا پڑا۔ ایک چوتھائی (24فیصد) نے اپنے دوستوں یا عزیزوں سے رقم طلب کرنا پڑی اور20فیصد کو اضافی کام کرنا پڑا۔ فراڈ کرنے والے لوگوں کو جعلی پنشن اور سرمایہ کاری کے جال میں پھنساتے ہیں۔ سٹیزن ایڈوائزر کی لوگوں کو فراڈ کرنے والوں سے ہوشیار رہنے کے لیے آگاہی مہم کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔ سٹیزن ایڈوائزر کے مطابق لوگوں کو متوجہ کرنے کے لیے قرض سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے مشورہ دینے کی پیشکش کی جاتی ہے۔ جس کی تشہیر کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا جاتا ہے اور پھر دوست بن کر پنشن، انوسٹمنٹ اور پارکنگ کیو آر کوڈ فراڈ کے ذریعے لوگوں کی ذاتی معلومات چراکر انہیں لوٹا جاتا ہے۔ کرپٹو کرنسی ٹریڈنگ کے فراڈ کا شکار ہونے والے ایک شخص نے سٹیزن ایڈوائزر کو بتایا کہ ٹریڈنگ ٹیم کے حوالے سے ایک قانونی طور پر درست ویڈیو دیکھ رہا تھا کہ اس کے ساتھ ایک اشتہار آیا جوکہ اسے فراڈ کرنے والوں کے پاس لے گیا۔ اس شخص نے بتایا کہ جب اس نے ٹریڈنگ میں پیسہ لگایا تو اسے فوراً ہی دھمکی آمیز کال موصول ہوئی کہ مزید پیسہ لگاؤ، ورنہ یہ رقم بھی ضائع ہوجائے گی اور میری رقم واپس کرنے کی درخواست پر توجہ نہیں دی گئی۔ اس نے کہا کہ انہوں نے زندگی میں کبھی ایسا ناخوشگوار مالی تجربہ نہیں کیا تھا۔ اپنا گھر تھا، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ یہ سب کچھ ایک رات میں اتنی آسانی سے کھویا جاسکتا ہے۔ سٹیزن ایڈوائزر کی چیف ایگزیکٹو ڈیم کلیئر موریسٹی کا کہنا ہے کہ فراڈ کرنے ولا صرف سرمایہ لگانے والوں کو ہی نہیں بلکہ کسی کو بھی نشانہ بناسکتے ہیں اور متاثرہ افراد کو صرف مالی نقصان ہی نہیں ہوتا بلکہ ان کی صحت پر بھی برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ اگر کوئی پرکش آفسر نظر آئے تو اس کے حوالے سے مشورہ کرلیں۔ نیشنل ٹریڈنگ اسٹینڈرڈ کے چیئرمین لارڈ مائیکل رچرڈ نے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جبکہ لوگوں کو گزارہ مشکل سے ہورہا ہے تو فراڈ کرنے والے لوگوں کو قرضہ اتارنے کے بہانے انہیں لوٹ کر فرار ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد فراڈ کی رپورٹ لازمی کریں تاکہ ملوث افراد کو مزید لوگوں کو لوٹنے سے روکا جاسکے۔ سٹیزن ایڈوائزر نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ان باتوں کا خیال رکھیں۔ اگر پنشن کی پیشکش توقع سے بھی زیادہ اچھی ہے تو ہوشیار ہوجائیں، رقم جلد ٹرانسفر کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جائے، قم بھجوانے کے لیے آئی ٹیون واچرز اور ٹرانسفر سروس استعمال کرنے کا کہا جائے، پاس ورڈز اور پن ویری فیکشن کوڈ طلب کیا جائے تو ہوشیار ہوجائیں اور ذرا بھی شک ہو تو ڈبل چیک کرلیا جائے۔

یورپ سے سے مزید