• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حافظ شاہد ندیم وزیرِ اعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز مقرر

تصویر بشکریہ رپورٹر
تصویر بشکریہ رپورٹر

ن لیگی رہنما حافظ شاہد ندیم وزیرِ اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز مقرر کر دیے گئے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے انہیں مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز مقرر کیا ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق حافظ شاہد ندیم کو جاپان، سنگاپور اور افریقا کے لیے وزیرِ اعظم کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔

جاپان میں مقیم سینیئر پاکستانی اور لیگی رہنما حافظ شاہد اپنی تقرری کے بعد گزشتہ روز جاپان پہنچے تو بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی اور لیگی کارکنان نے ان کا ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔

نمائندہ ’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ صرف تین ممالک کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے کام کریں گے، کسی بھی اوورسیز پاکستانی کا پاکستان میں کوئی بھی مسئلہ ہو وہ مجھ سے رابطہ کر سکتا ہے، میں اپنی پوری کوشش کروں گا کہ اس کا مسئلہ حل کر سکوں۔

حافظ شاہد نے جاپان میں رہنے والے تمام لیگی کارکنوں اور کمیونٹی اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے دروازے ہر اوورسیز پاکستانی کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری کوشش ہو گی کہ موجودہ حکومت کے 5 سال میں دل و جان سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے پوری جانفشانی سے کام کروں اور وزیرِ اعظم شہباز شریف اور قائد ن لیگ میاں نواز شریف کے وژن کے مطابق خدمات انجام دے سکوں۔

حافظ شاہد نے وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے اعتماد کے سبب وہ اس مقام تک پہنچ سکے۔

خاص رپورٹ سے مزید