• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑی پر جرمانہ عائد کیا جائے گا

پنجاب میں فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑی کو نوٹس کے بعد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

لاہور میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر جرمانہ بڑھانے کےلیے صوبائی موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں طے پایا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑی پر نوٹس دینے کے بعد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ انفورسمنٹ کے مسائل حل کرنے کےلیے ڈسٹرکٹ پلاسٹک مینجمنٹ کمیٹیاں قائم کی جائیں، ان کمیٹیوں کو پلاسٹک کے خاتمے کی مہم کو یقینی بنانے کےلیے جرمانہ کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

اجلاس میں طے پایا کہ کمیٹیوں کو غیر معیاری پلاسٹک بیگ بنانے والی فیکٹریوں کو سیل کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

کابینہ اجلاس میں معیاری اور ماحول دوست پلاسٹک بیگز بنانے والی فیکٹری کی رجسٹریشن اور تجدید کی فیس میں کمی کی منظوری دی گئی۔

پنجاب کابینہ نے 310 انوائرنمنٹ انسپکٹر بھرتی کرنے، ان کےلیے اسٹینڈرڈ یونیفارم اور 250 ای بائیکس خریدنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پنجاب ایگزامینیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی کے قیام اور سی ایم پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم کی منظوریاں دی گئیں اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ صوبے میں طلبہ کو جلد لیپ ٹاپ دیے جائیں۔

صوبائی کابینہ نے چھوٹے کسانوں کےلیے وزیراعلیٰ پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ کی منظوری دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں ہندو اور سکھ بھائیوں کے فیسٹیول کارڈ کے اجراء کی تجویز بھی دی اور کہا کہ بابا گرونانک کے جنم دن اور دیوالی کے موقع پر 2200 خاندانوں کو 10 ہزار روپے دیےجائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید