خیبر پختون خوا میں پولیس کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری کا عمل جاری ہے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں بریفنگ دی گئی کہ پولیس میں مختلف رینکس کی 1356 نئی اسامیاں تخلیق کی گئی ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ 1200 کانسٹیبلز کی تقرریاں جلد کر دی جائیں گی، پولیس کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری کا عمل جاری ہے، نئی پولیس گاڑیوں کی لاگت 80 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ پولیس کے شہداء کے بچوں کے لیے مختص کوٹہ 5 فیصد سے بڑھا کر 12.5 فیصد کر دیا گیا ہے، نئے پولیس کوٹے کے تحت 246 اسامیوں پر بھرتیوں کا عمل مکمل ہو چکا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 1153 پولیس بھرتیوں کا کیس پبلک سروس کمیشن کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے ہدایت کی کہ گاڑیوں کی خریداری اور نئی بھرتیوں کا عمل کم وقت میں مکمل کیا جائے، امن و امان صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرِفہرست ہے۔
علی امین گنڈاپور نے یہ بھی ہدایت کی کہ پولیس کو موجودہ صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے درکار وسائل مہیا کیے جائیں۔