ایف بی آر نے 54 بڑے شہروں میں پراپرٹی کے نئے ویلیو ایشن ٹیبلز جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق شہروں میں جائیدادوں کی قیمتوں کا ازسرِ نو تعین کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، نئے سرکاری پراپرٹی ریٹس مارکیٹ ریٹس کے 75 فیصد سے بڑھا کر 90 فیصد تک کرنے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت تمام بڑے شہروں میں پراپرٹی کے نئے ریٹ جاری ہوں گے۔
وزارتِ قانون سے توثیق کے بعد ایک دو روز میں اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نئے ویلیو ایشن ٹیبلز کا مقصد جائیدادوں پر ٹیکس وصولیوں میں اضافہ کرنا ہے۔
ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق ریئل اسٹیٹ اور تعمیرات کے شعبوں کی حوصلہ شکنی نہیں کی جائے گی، پراپرٹی فائلوں کی خرید و فروخت کرنے والوں پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پراپرٹی کے نئے ریٹس کے تعین میں ریئل اسٹیٹ ایسوسی ایشنز، بلڈرز، ڈیولپرز سےمشاورت کی گئی ہے۔