لاہور میں فضائی آلودگی بڑھتے ہی بیماریاں پھیلنے کا خطرہ منڈلانے لگا۔
پلمونولوجسٹ ڈاکٹر عرفان ملک کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی بچوں، بزرگوں، حاملہ خواتین اور بیمار افراد کے لیے خطرناک ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اسموگ میں اضافے سے ہارٹ اٹیک کے امکانات زیادہ ہو جاتے ہیں اور شیرخوار بچوں میں دمہ ہونے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
ڈاکٹر عرفان ملک نے بتایا کہ فضائی آلودگی آنکھ اور گلے کو ہی نہیں بلکہ جلد کو بھی متاثر کرتی ہے۔
اُنہوں نے احتیاطی تدابیر بتاتے ہوئے کہا کہ پانی کا استعمال بڑھائیں اور متوازن خوراک میں دالیں اور سبزیاں شامل کریں۔
ڈاکٹر عرفان ملک نے یہ بھی کہا ہے کہ چہرے پر ماسک کے علاوہ گلاسز کا بھی استعمال کریں۔