بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی اہلیہ و کاروباری خاتون گوری خان نے بتایا ہے کہ انہوں نے کم عمری میں شادی کا فیصلہ کیوں کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حال ہی میں گوری خان نے اپنی شادی کی سالگرہ کے موقع پر دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ جب میری اور شاہ رخ خان کی شادی ہوئی اس وقت میری عمر صرف 22 برس تھی، شاہ رخ خان اس وقت اداکاری کے میدان میں قسمت آزما رہے تھے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جب شادی ہوئی شاہ رخ خان سے محبت کا 8 سال کا عرصہ مکمل ہو چکا تھا، ابتداً کنگ خان دہلی میں ہی اداکاری کر رہے تھی لیکن اپریل 1991ء میں ان کی والدہ کے انتقال کے بعد انہوں نے بالی ووڈ میں قدم رکھنے کا سوچا اور جون 1991ء میں انہیں مختلف فلموں کی پیشکش ہوئی جس کے لیے انہیں ممبئی منتقل ہونا تھا۔
گوری خان نے بتایا کہ شاہ رخ خان نے فلمیں صرف اس شرط ہر سائن کرنے کے لیے رضامندی ظاہر کی کہ میں بھی ان کے ساتھ دہلی سے ممبئی شفٹ ہو جاؤں۔
انہوں نے شاہ رخ خان سے جب اس کی وجہ پوچھی تو کنگ خان نے بتایا کہ انہیں مجھ سے ملاقات کے لیے بار بار ممبئی سے دہلی اور دہلی سے ممبیٔ کا سفر کرنا پڑے گا۔
گوری خان نے بتایا کہ شاہ رخ خان کو یہ بھی ڈر تھا کہ جب وہ فلمی ستارے بن جائیں گے تو اخبارات میں ان کا نام کسی دوسری اداکارہ کے ساتھ جوڑا جائے گا، جنہیں پڑھ کر میرا شادی سے متعلق ارادہ تبدیل ہو سکتا ہے اس لیے کسی قسم کا اسکینڈل بننے سے قبل شادی کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا ہوتا تو یقیناً میں ان سے شادی نہ کرتی، ان کا خوف درست تھا، اس لیے ہم نے 25 اکتوبر 1991ء کو شادی کر لی۔
خیال رہے کہ یہ جوڑی 3 مختلف طریقوں سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی تھی، جس میں اسلامی طریقے سے نکاح، ہندو مذہب کے مطابق پھیرے اور بھارتی قانون کے تحت شادی کو رجسٹرڈ کروایا گیا تھا۔
آج یہ جوڑی اپنی شادی کی 33 ویں سالگرہ منا رہی ہے۔