پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ جیتنے پر بھی تنقید کر رہے ہیں تو افسوس ہو گا۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ جیت کا کریڈٹ پاکستانیوں کو دینا چاہتا ہوں، کرکٹ گیم ہے، میں اور رضوان اپنی قدرتی گیم سے مختلف کھیلے۔
انہوں نے کہا کہ صائم ایوب اور عبداللّٰہ شفیق کی پرفارمنس ٹیم کے لیے تھی، پرفارمنس ٹیم کے لیے دینی ہیں، انفرادی طور پر نہیں، یہ دونوں پاکستان کا مستقبل ہیں۔
شان مسعود کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو بنانا ہے، سلیکشن میں تسلسل چاہیے، ٹیسٹ میچ ایک دن میں ختم ہو جائے پرواہ نہیں، بس ہمیں جیتنا چاہیے، دکھ ہوتا ہے جب پاکستان میچ ہارتا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان کی کپتانی سے بڑا فخر کوئی بھی نہیں لیکن ذمے داری ہے جس کو پورا کرنا ہے، انگلینڈ چھوٹی ٹیم نہیں ہے، کنڈیشنز کے حساب سے دیکھنا ہے، اسپنرز بھی پہلی بار اسپن کنڈیشنز میں بولنگ کروا رہے تھے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میرا ہدف ہے جیسی بھی کنڈیشنز ہو ہمیں پاکستان کے لیے مثبت رزلٹ نکالنا ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میچ کا فیصلہ تیسرے دن کے پہلے سیشن میں ہو گیا، پاکستان نے انگلینڈ کو 9 وکٹ سے ہرا کر 3 میچز کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔