سعودی عرب کے بعد قطر اور عمان نے بھی ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کر دی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق قطر نے مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے علاقائی عدم استحکام سے بچنے کے لیے تحمل اور بات چیت پر زور دیا ہے۔
قطری وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ریاستِ قطر ایران پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کرتی ہے، یہ حملے ایران کی سلامتی اور عالمی قوانین کے اصولوں کی کُھلی خلاف ورزی ہیں۔
قطر نے اس کشیدگی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سنگین اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ سلامتی اور استحکام کو غیر مستحکم کرنے والے اقدامات سے گریز کیا جائے۔
قطری وزارتِ خارجہ نے عالمی برادری سے درخواست کی ہے کہ اس کشیدگی خاص طور سے غزہ اور لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت کو ختم کرنے میں مؤثر اور تیز تر کردار ادا کریں۔
دریں اثناء عمان کی وزارتِ خارجہ نے بھی ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیلی حملہ ایران کی سلامتی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ آج صبح اسرائیلی فوجی ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج نے ایرانی حملوں کے جواب میں کارروائی مکمل کر لی۔
اس جوابی مختصر کارروائی کے سلسلے میں ہونے والے تازہ حملوں میں ایران میں طے شدہ فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ بیرونی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کا حق رکھتے ہیں۔
اسرائیل نے ایران کو جوابی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اب جوابی کارروائی کی گئی تو کشیدگی کا نیا باب کھل جائے گا جو طے شدہ نہیں ہو گا۔