بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اڈیالہ جیل میں سہولتوں کی فراہمی کے معاملے پر تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی ہدایت پر فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کردی۔
درخواست میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو بنیادی سہولتوں سے محروم کرنا جیل مینوئل کی خلاف ورزی ہے، بانی پی ٹی آئی کو مستقل ایک چھوٹے سیل میں رکھا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کو ورزش کی سہولت میسر نہیں۔
پی ٹی آئی کی درخواست کے متن میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ٹیلی ویژن اور اخبار کی سہولت بھی واپس لے لی گئی ہے، عدالت بانی پی ٹی آئی کے انسانی حقوق کی نگہبان ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ بانی پی ٹی آئی کے بنیادی حقوق فوری طور پر بحال کیے جائیں۔