• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اڈیالہ جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی کے کھانے کا مینو بتادیا

اڈیالہ جیل انتظامیہ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے متعلق پارٹی رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں قانون کے مطابق بی کلاس کی تمام سہولتیں میسر ہیں۔

اڈیالہ جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی کو دیے جانیوالے کھانے کا مینو بھی بتادیا۔

جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنا کھانا تیار کرنے کےلیے ایک قیدی کُک دیا گیا ہے، انہیں ناشتہ میں کافی، چیہ سیڈ، چقندر کا جوس دیا جاتا ہے، ناشتہ میں دہی، بسکٹ اور کھجوریں بھی دی جاتی ہے۔

بانی پی ٹی آئی کو دوپہر کے کھانے میں کڑی پکوڑا، دیسی مرغی، دہی، چپاتی دی جاتی ہے، دوپہر کے کھانے میں کوک، سلاد، اور گرین ٹی اور مٹن بھی بانی پی ٹی آئی کو دیا جاتا ہے، شام کے کھانے میں دلیہ، ناریل پانی اور انگور وغیرہ دیے جاتے ہیں۔

 جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی خوراک، صحت، مطالعہ سمیت ورزش کا خاص خیال رکھا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی کے احاطے میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے، جیل کے ڈاکٹرز بانی پی ٹی آئی کا دن میں تین مرتبہ معائنہ کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو کسی قسم کی بیماری نہیں، وہ مکمل صحت مند ہیں۔

اڈیالہ جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دو روز پہلے پمز کے ماہر ڈاکٹرز نے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا، پمز کے ڈاکٹرز نے بانی پی ٹی آئی کے صحت مند ہونے کی رپورٹ دی، بانی پی ٹی آئی روزانہ دو گھنٹے ورزش کرتے ہیں۔

جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو پڑھنے کےلیے روزانہ اخبار دیا جاتا ہے، ان سے متعلق پھیلائی گئی باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پہلی مرتبہ جیل اور جیل سیل کی حالت بتائی ہے، انہوں نے کہا ان کے پاس دو ہفتوں سے ٹی وی اور اخبار کی سہولت نہیں، بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے، وہ ہائی اسپرٹ میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے سیل میں 5 دن بجلی نہیں تھی، ایکسرسائز نہیں کر سکے۔

قومی خبریں سے مزید