معروف دینی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا ہے کہ ان کا پاکستان کا دورہ بہت اچھا رہا، پوری دنیا میں سب سے زیادہ پیار پاکستان میں ملا، یہاں آکر اپنے آپ کو بہت محفوظ سمجھا۔
راولپنڈی میں الوداعی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ وزیراعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب، سندھ حکومت اور تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان کا دورہ بہت اچھا رہا، میرا اچھے طریقے سے خیر مقدم کیا گیا اور سیکیورٹی بھی فراہم کی گئی۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ 1991 میں بھی پاکستان آیا تھا ان دنوں تبلیغ نہیں کرتا تھا، پاکستان کے تمام مذہبی اداروں نے مجھے عزت و احترام دیا، پوری دنیا سے سب سے زیادہ پیار پاکستان میں ملا، پاکستان آکر اپنے آپ کو بہت محفوظ سمجھا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان سوشل میڈیا کا غلط نہیں درست استعمال کریں، اللّٰہ کے دین کو پھیلانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا چاہیے، پاکستانی نوجوانوں میں جوش و جذبہ ہے، فلسطین کے حالات پر دل دکھتا ہے، ایک وقت آئے گا سب متحد ہوں گے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا ہے، علماء اور حکمران مل کر بیٹھیں تاکہ کامیابی ہو۔