اسلامی جمعیت طلبہ کے صوبائی ناظم وسیم حیدر نے طلباء یونین سے متعلق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلباء یونین کی بحالی طلباء کی جیت ہے۔
انہوں نے چارسدہ میں پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر جنرل ضیاء الحق نے طلباء یونین پر پابندی لگائی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں طلباء یونین بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ طلباء ہمارے ملک کا حصہ ہیں، اس ملک کی پہچان نوجوانوں سے ہے۔ ہم نوجوانوں کی فلاح کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہر شعبے کے اندر باگ ڈور نوجوان سنبھالیں گے، ہم نے اپنے فیصلے خود کرنے ہیں، اس کے لیے حقیقی آزادی ضروری ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارا ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے، صوبے میں بہت جلد سرمایہ کاری بحال کریں گے، محنت کرنی چاہیے کیونکہ محنت کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔